چین اور پاکستان اسٹریٹجک پارٹنر اور دونوں کا مستقبل مشترک ہے، صدر شی چن پنگ

ویب ڈیسک  پير 20 اپريل 2015

اسلام آباد: چین کے صدر شی چن پنگ نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کا مستقبل مشترک ہے دونوں ممالک کے تعلقات کو عملی اقدامات کے ذریعے مزید مستحکم کریں گے۔

اسلام آباد میں مشترکہ پریس بریفنگ سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ چین کے صدر پاکستان کے دوست اور بھائی ہیں، وہ ہمارے عظیم ہمسایہ ملک کے رہنما ہیں، چین کے صدر کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، پاک چین دوستی ہمالیہ سےبلند اورسمندروں سےگہری ہے، ہمارے تعلقات کا اہم جزو مستقل مزاجی اور تسلسل ہے، شنگھائی تعاون تنظیم میں رکنیت کیلیے حمایت پرچین کے شکر گزار ہیں، ہمارا عزم ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ مشترکہ طور پر لڑیں گے۔ پاکستان اپنے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے۔ اس سلسلے میں چین کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔

اس موقع پر چین کے صدر شی چن پنگ کا کہنا تھا کہ یہ ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے، پاکستانی قیادت سےمل کر انہیں بہت خوشی ہوئی، دونوں ممالک کےدرمیان دوطرفہ تعاون پربات چیت ہوئی، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو عملی اقدامات کے ذریعے مزید مستحکم کریں گے،چین اور پاکستان اسٹریٹجک پارٹنر ہیں ہم دونوں کا مستقبل مشترک ہے، انہوں نے کہا کہ چین دہشت گردی کے خاتمے کی پاکستان کی کوششوں کو سراہتاہے، دونوں ممالک دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تعاون کررہے ہیں۔ انفرا اسٹرکچر میں بہتری سے پاکستان دہشت گردی کے خلاف بہتر کوششیں کرسکے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔