امریکا میں داعش سے تعلق کے الزام میں 6 افراد گرفتار

ویب ڈیسک  منگل 21 اپريل 2015
ملزمان کو ریاست منی سوٹا کے شہروں منیپولس اور سان ڈیاگو سے حراست میں لیا گیا ہے فوٹو: فائل

ملزمان کو ریاست منی سوٹا کے شہروں منیپولس اور سان ڈیاگو سے حراست میں لیا گیا ہے فوٹو: فائل

واشنگٹن: امریکی حکام نے داعش میں شمولیت کی غرض سے شام جانے کی کوشش کرنے کے شبہ میں 6 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ان افراد کو ریاست منی سوٹا کے شہروں منیپولس اور سان ڈیاگو سے حراست میں لیا گیا ہے۔ جن کی شناخت محمد فرح، عدنان فرح، عبدالرحمن داؤد، غلید عمر، حناد موسیٰ اور زکریا عبدالرحمن کے ناموں سے ہوئی ہے۔ عدالت میں پیش کئے گئے ریکارڈ کے مطابق یہ تمام افراد عبدالنور نامی شخص سے رابطے میں تھے جو مغربی ملکوں سے داعش کے لیے جنگجو بھرتی کرنے پر مامور تھا۔

مقامی حکام نے تمام ملزمان کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے ان پر عائد فردِ جرم سے آگاہ کردیا ہے۔ جس کے مطابق ملزمان پر ایک غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کو مدد فراہم کرنے کا منصوبہ بنانے اور اس پر عمل درآمد کی کوششیں کرنے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ صرف امریکی ریاست منی سوٹا میں اب تک 9 افراد پر داعش کو مدد فراہم کرنے کی کوششیں کرنے کے الزام میں فردِ جرم عائد کی جاچکی ہے جو تمام کے تمام ایک دوسرے کے واقفِ کار اور دوست ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔