کتا ٹریکٹرکا ڈرائیوربن گیا

ویب ڈیسک  جمعرات 23 اپريل 2015
ٹریکٹر کے اچانک چلنے سے کچھ دیر تک ٹریفک رک گیا تاہم اس واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا،
فوٹو فائل

ٹریکٹر کے اچانک چلنے سے کچھ دیر تک ٹریفک رک گیا تاہم اس واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، فوٹو فائل

ایڈن برگ: اگر کوئی کتا ڈرائیونگ کر رہا ہو تو آپ کو یہ منظر یقیناً حیرت میں مبتلا کردے گا ایسا ہی ایک حیران کن منظر اسکاٹ لینڈ میں دیکھا گیا جہاں ایک شخص اپنے پالتو کتے کو ٹریکٹر پر چھوڑ کر کسی کام سے اپنے فارم کی طرف گیا اور اچانک کتے نے ٹریکٹر کر چلانا شروع کردیا جس سے ہائی وے پر ٹریفک بھی رک گئی۔

تفصیلات کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے علاقے جنوبی لنکا شائر کا کسان اپنے یوٹیلٹی ٹریکٹرکو ہائی وے پر چھوڑ کر کچھ دیر کے لیے گیا جب کہ اس کا پالتو کتا بھی ڈرائیورکے برابر والی سیٹ پر بیٹھا تھا، اس دوران اچانک ٹریکٹر نے چلنا شروع کردیا جس پر ہائی وے پر موجود ٹریفک رک گئی جب کہ ٹریکٹر چلتا ہوا سڑک سے اتر کر وہاں موجود باڑ سے ٹکرا کر رک گیا۔ اس دوران جب وہ کسان دوڑتا ہوا وہاں پہنچا تو دیکھا کہ کتا ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھا ہوا تھا جس نے اس کے مالک کو حیران پریشان کردیا تاہم اس واقعے کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

ٹریکٹر کے مالک کسان کا کہنا تھا کہ وہ صرف کچھ دیر کے لیے اپنی بھیڑوں کو دیکھنے گیا تھا اور اچانک اسے ٹریکٹر کے باڑ سے ٹکرانے کی آواز آئی جس سے اسے اندیشہ ہوا کہ وہ شاید ہینڈ بریک لگانا بھول گیا لیکن جب وہ ٹریکٹر کے قریب پہنچا تو دیکھا کہ اس کا پالتو کتا ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔