کینیا میں گائے گوشت خوربن گئی

ویب ڈیسک  جمعـء 24 اپريل 2015
خشک موسم میں بہت سے جانوروں کوچارے سے وہ غذائی جزو نہیں مل پاتے جوعام حالات میں دستیاب ہوتے ہیں، زرعی افسر۔ فوٹو فائل

خشک موسم میں بہت سے جانوروں کوچارے سے وہ غذائی جزو نہیں مل پاتے جوعام حالات میں دستیاب ہوتے ہیں، زرعی افسر۔ فوٹو فائل

نیروبی: آپ نے خونخوار درندوں اور گوشت خور جانوروں کے بارے میں تو بہت کچھ سنا اور دیکھا ہو گا لیکن کینیا میں ایک ایسی گائے بھی ہے جس نے چارے کے بجائے بھیڑوں کو بطور خوراک کھانا شروع کر دیا ہے.

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کینیا کے جنوب مغربی علاقے ناکورو میں چارلس مابولیو نامی کسان نے ایک ایسی گائے پال رکھی ہے جو گھاس پھوس کے ساتھ گوشت بھی کھاتی ہے۔ چارلس مابولیو کا کہنا ہے کہ ایک روز اس نے دیکھا کہ گائے ان کی ایک بھیڑ کو زخمی کرنے کے بعد کھا رہی ہے جب کہ اگلے روز بھی فارم ہاؤس سے ایک بھیڑ غائب تھی۔

مقامی زرعی افسر البرٹ کبوگی کا کہنا ہے کہ خشک موسم میں بہت سے جانوروں کوچارے سے وہ غذائی جزو نہیں مل پاتے جوعام حالات میں دستیاب ہوتے ہیں اور گائے کے گوشت کھانے کے واقعات کی بھی یہی وجہ ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب مویشیوں کے ایک ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ گائے کا بھیڑوں کھانا ایک غیرمعمولی عمل ہے اور یقینی طور پر یہ غیر معمولی صورتحال میں ہی ہوسکتا ہے، عین ممکن ہے کہ یہ سب گائے کے جسم میں اہم معدنیات کی قلت کے باعث ہورہا ہو۔

واضح رہے کہ 2007 میں بھارت کی مغربی ریاست بنگال میں بھی گائے کے ایک چھوٹے سے بچے نے مرغیوں کو کھانا شروع کر دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔