ملک بھرکے کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات 17 سال بعد آج ہوں گے

ویب ڈیسک  جمعـء 24 اپريل 2015
الیکشن کمیشن نے انتخابات میں 1225 پولنگ اسٹیشنز میں سے 310 کو انتہائی حساس قراردیا ہے، فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے انتخابات میں 1225 پولنگ اسٹیشنز میں سے 310 کو انتہائی حساس قراردیا ہے، فوٹو: فائل

اسلام آباد: ملک بھر کے 42 کنٹونمنٹ بورڈز میں 17 سال بعد بلدیاتی انتخابات آج ہوں گے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق الیکشن کمیشن نے ملک بھرمیں آج ہونے والے کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں 1225 پولنگ اسٹیشنز میں سے 310 کو انتہائی حساس جبکہ 785 کونارمل قراردیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں 1151 امیدوار حصہ لے رہے ہیں جس میں سے 541 امیدوار پارٹی ٹکٹ پرجب کہ 610 آزاد حیثیت سے حصہ لے رہے ہیں۔ ملک بھر سے کینٹ بورڈز کے انتخابات میں مجموعی  طور پر  18لاکھ 49 ہزار 424 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

پنجاب میں20، سندھ میں 8، خیبرپختونخواہ میں 11 جبکہ بلوچستان میں 4 کینٹ بورڈ ہیں، ملک بھر کے 14 کینٹ بورڈز میں10، 10 وارڈز ہیں جن میں راولپنڈی، چکلالہ، واہ کینٹ، لاہورکینٹ، والٹن، سرگودھا، گوجرانوالہ، ملتان، بہاول پور، پنوعاقل، حیدرآباد اورفیصل آباد شامل ہیں۔ اوکاڑہ، سیالکوٹ، کوئٹہ، پشاور، ایبٹ آباد میں 5، 5 ، نوشہرہ میں 4، کراچی، ملیر، رسالپورکوہاٹ میں 3 ,3 جبکہ ٹیکسلا، مری، اٹک، سنجوال، کامرہ، جہلم، منگلا، کھاریاں، منوڑا، ژوب، لورالائی، کورنگی، چراٹ، مردان، بنوں، ڈی آئی خان، حویلیاں اور مری گلاز میں2,2  کنٹونمنٹ بورڈ و وارڈز ہیں، راولپنڈی کی 10 وارڈز میں 91 امیدوار، چکلالہ میں 76 امیدوار پنجہ آزمائی میں مصروف ہیں، راولپنڈی کینٹ میں 215، چکلالہ میں 101 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔

کنٹونمنٹ بورڈ کےانتخابات کے موقع پر پولیس کے 5 ہزارجوان تعینات ہوں گے جب کہ پٹرولنگ پولیس اورایلیٹ فورس کےجوان انتخابی حلقوں میں گشت کریں گے، حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج کے جوان بھی تعینات ہوں گے جب کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے حساس پولنگ اسٹیشنز کی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔