سعودی حکمران نے خواہشات پرمبنی کوئی فہرست نہیں دی، وزیراعظم نواز شریف

ویب ڈیسک  جمعـء 24 اپريل 2015
گوادر بین الاقوامی شہر بننے جارہا ہے اور اقتصادی راہداری سے چاروں صوبوں کو فائدہ ہوگا،وزیراعظم۔ فوٹو:ایکسپریس نیوز

گوادر بین الاقوامی شہر بننے جارہا ہے اور اقتصادی راہداری سے چاروں صوبوں کو فائدہ ہوگا،وزیراعظم۔ فوٹو:ایکسپریس نیوز

لندن: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان اچھے اور مضبوط تعلقات ہیں اور سعودی حکمران نے خواہشات پر مبنی کوئی فہرست نہیں دی۔

لندن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اگر سعودی استحکام کو کوئی خطرہ ہوا تو کندھے سے کندھا ملا کر چلیں گے، دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور مستحکم تعلقات ہیں جنہیں مزید بہتر ہونا چاہیئے تاہم وزیراعظم نے اس بات کی نفی کی ہے کہ سعودی حکمران نے پاکستان کو خواہشات پر مبنی کوئی فہرست دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدر کا دورہ پاکستان کامیاب رہا جس کے دوران 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کئے گئے جب کہ چین کی جانب سے کئے جانے والے حالیہ معاہدوں کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔

وزیراعظم نواز شریف نے غیرملکیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت بہتر ہوگی تو بیرون ملک پاکستانیوں کا سر بھی فخر سے بلند ہوگا،غیرملکیوں کی سیکیورٹی کے لئے فورس بھی تشکیل دے رہے ہیں جو چینی ورکرز کی حفاظت پر مامور ہوگی جب کہ گوادر بین الاقوامی شہر بننے جارہا ہے اور اقتصادی راہداری سے چاروں صوبوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چین کے صدر دھرنوں کی وجہ سے پہلے پاکستان نہیں آسکے تھے، پاکستان سے حسد کرنے والے ملک کو پھلتا پھولتا دیکھنا نہیں چاہتے اور حاسدین ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں لیکن ان کے عزائم کو مل کر شکست دینا ہوگا۔

اس سے قبل وزیراعظم نوازشریف برطانوی ہم منصب ڈیوڈ کیمرون کی دعوت پر لندن پہنچے جہاں وہ گیلی پولی مہم کی صدسالہ قومی تقریب اور اینزک ڈے میں شرکت کریں گے جب کہ اس موقع پر وزیراعظم برطانوی ہم منصب ڈیوڈ کیمرون سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے جس میں دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیراعظم نواز شریف برطانوی سرمایہ کاروں اور تاجروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے اور عالمی کانفرنس میں بھی شریک ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔