بھارتی اور پاکستانی فنکار اسلام آباد فیشن ویک میں پرفارم کرینگے

کلچرل رپورٹر  ہفتہ 25 اپريل 2015
خواہش تھی کہ پاکستان میں ایسا میگا اسٹارفیشن ویک کروں جس میں پاکستان اوربھارت کےمیگا اسٹارزاکٹھےپرفارم کریں، آرگنائزر۔  فوٹو : فائل

خواہش تھی کہ پاکستان میں ایسا میگا اسٹارفیشن ویک کروں جس میں پاکستان اوربھارت کےمیگا اسٹارزاکٹھےپرفارم کریں، آرگنائزر۔ فوٹو : فائل

لاہور: بھارتی اور پاکستانی فنکار اسلام آباد فیشن ویک 2015ء میں اکٹھے پرفارم کریں گے ۔

تفصیل کے مطابق اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں 23مئی سے میگا فیشن ویک شروع ہورہا ہے جس میں پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان ، علی عظمت ، ابرارالحق ، مہوش حیات ، عائشہ عمر، مسکان خان ، ظفر ارشاد کے علاوہ بھارتی گلوکار ماسٹر سلیم ، معروف کامیڈین وکمپیئر کپل شرما اور بولی وڈ بلاک بسٹر پنجابی فلم ’’کیری آن جٹا‘‘ کے فنکار پی این شرما ، رانا رنویر، جسویندر بالا ، بنوں ڈھلوں ا ور گرپریت سنگھ گوگی شرکت کریں گے۔

اس حوالے سے فیشن ویک کے آرگنائزر احمد وقار شاہ نے نمائندہ ایکسپریس کو بتایا کہ میری خواہش تھی کہ پاکستان میں ایسا میگا اسٹارفیشن ویک کروں، جس میں پاکستان اور بھارت کے میگا اسٹارزاکٹھے پرفارم کریں۔ اس کے لیے میں نے مذکورہ بولی وڈ اسٹارز کو اسلام آباد فیشن ویک کے لیے سائن کیا جو اس فیشن ویک میں شرکت کے لیے ماہ مئی میں دبئی سے پاکستان پہنچیں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا مقصد اچھی اور معیاری تفریح کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا سوفٹ امیج دینا ہے کہ ہم ایک پرامن اورکلچر سے پیار کرنے والے لوگ ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا جلد ہی پریس کانفرنس کرکے میڈیا کو تفصیلی بریفنگ دوں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔