شام میں امن کے لئے اقوام متحدہ اپنے اختیارات استعمال نہیں کررہا، انجیلینا جولی

ویب ڈیسک  ہفتہ 25 اپريل 2015
سیاسی عزم کی کمی شام کے مسئلے کے حل نہ ہونے کی وجہ ہے، انجیلینا جولی ۔ فوٹو: فائل

سیاسی عزم کی کمی شام کے مسئلے کے حل نہ ہونے کی وجہ ہے، انجیلینا جولی ۔ فوٹو: فائل

نیویارک: معروف ہالی ووڈ اداکارہ اور  پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر انجیلینا جولی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے شام میں امن کے لئے اپنے اختیارات استعمال نہیں کئے جارہے۔ 

شام کی صورت حال سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انجیلینا جولی نے کہا کہ وہ گزشتہ 4 برس میں شام کے پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے والے 11 ملکوں کا دورہ کرچکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت 40 لاکھ شامی پناہ گزین اس تنازعے کی شکار ہوکر در بدر ہورہے ہیں، ان لوگوں کا شام میں جاری جنگ سے براہ راست کوئی تعلق  اس کے باوجود ان کی زندگی کو بوجھ سمجھا جا رہا ہے اور وہ انتہائی خراب حالات سے گزر رہے ہیں ۔

انجیلینا جولی نے کہا کہ  اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بین الاقوامی امن اور سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے کا اختیار ہے لیکن اس نے شام میں امن کے لئے یہ اختیار استعمال نہیں کیا گیا۔ اس کی وجہ معلومات کا فقدان نہیں، بلکہ سیاسی عزم کی کمی ہے۔ سیاسی  تذبذب نے شام کے لاکھوں پناہ گزینوں کو ذلت کے جس مقام پر لا کھڑا کیا ہے اسے دیکھ کر جی بیٹھا جا رہا ہے ، یہ ہماری نا اہلی کی انتہا ہے کہ ہم ان بے گناہ لوگوں کی حفاظت میں ناکام ہوگئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔