وینزویلا میں صدر کو آم مارنے پر خاتون کا دیرینہ خواب پورا ہوگیا

ویب ڈیسک  اتوار 26 اپريل 2015
وینزویلا کے موجودہ صدر نکولس ماضی ایک بس ڈرائیور تھے فوٹو: فائل

وینزویلا کے موجودہ صدر نکولس ماضی ایک بس ڈرائیور تھے فوٹو: فائل

کراکس: وینزویلا میں ایک خاتون نے صدر نکولس مدورو کو آم مار کر اپنا دیرینہ خواب پورا کرلیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے  مطابق وینزویلا کے صدر نکولس مدورو ایک بس میں وسطی ریاست اریگوا سے دارالحکومت کراکسس جا رہے تھے کہ راستے میں “مارلینے آلیوو” نامی  خاتون نے صدر کی بس پر ایک آم پھینکا جو سیدھا ان کے سر پر لگا، مارلینے نے آم کے ساتھ ایک درخواست بھی بھیجی تھی جس میں انہوں نے مدد کی اپیل کرتے ہوئے اپنا فون نمبر لکھا تھا۔ صدر نکولس مدورو نے مارلینے سے رابطہ کیا اور اس سے مسئلہ پوچھا جس پر اس نے وینزویلا کے صدر سے اپنے گھر کی خواہش کا اظہار کیا۔

ونزویلا کے صدر نکولس مدورو نے اس واقعے کا ذکر ایک ٹی وی پروگرام  میں بھی کیا اور مارلینے کی درخواست منظور کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہیں آئندہ 2 سے 3 روز میں گھر مل جائے جو کہ وینزویلا کے عظیم ہاؤسنگ مشن کا حصہ ہے۔ دوسری جانب صدر کو آم مار کر اپنی جانب متوجہ کرنے والی مارلینے آلیوو نے کہا کہ اس واقعے میں ان کی کوئی بد نیتی نہیں تھی، وہ صرف یہ چاہتی تھیں کہ مرنے سے پہلے ان کا اپنا گھر ہوجائے۔

واضح رہے کہ وینزویلا کے موجودہ صدر نکولس ماضی ایک بس ڈرائیور تھے تاہم 2000 میں انہوں نے سیاست میں قدم رکھا لیکن صدر بننے کے بعد بھی وہ عوام سے قربت رکھنے کے لئے بس چلاتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔