سبی میں بم دھماکا، 4 افراد جاں بحق اور 19 زخمی

ویب ڈیسک  اتوار 26 اپريل 2015
واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا فوٹو: فائل

واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا فوٹو: فائل

سبی: چاکر روڈ پر موٹر سائیکل میں نصب بم دھماکے سے 4 افراد جاں بحق جب کہ 19 زخمی ہوگئے.

سبی پولیس کے مطابق دھماکا شہر کے مصروف ترین علاقے چاکر روڈ پر گھوڑا اسپتال کے قریب واقع حجام کی دکان کے سامنے ہوا۔ جس کے نتیجے میں 23 افراد زخمی ہوگئے جب کہ متعدد دکانوں اور قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ زخمیوں کو علاج کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 4 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جب کہ دیگر کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے کچھ کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جس کی وجہ سے جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا خیزمواد سائیکل میں نصب تھا جوکہ ٹھیلےکے ساتھ کھڑی کی گئی تھی،واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا تاہم کسی قسم کی گرفتاری کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔