پاکستان نے بھارت کو شکست دیکر پہلا ڈیف ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ جیت لیا

ویب ڈیسک  اتوار 26 اپريل 2015
کپتان ذکا احمد نے  صرف 22 رنز کے عوض 6 بھارتی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی،فوٹو فائل

کپتان ذکا احمد نے صرف 22 رنز کے عوض 6 بھارتی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی،فوٹو فائل

لاہور: پاکستان نے پہلے ڈیف ٹی ٹوئنٹی  ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف  بھارت کو 50 رنز سے شکست دے دی۔

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی ڈیف کرکٹ ٹیم نے مقررہ اوورز میں 185 رنز بنائے،پاکستان کی جانب سے کپتان ذکا احمد نے 108 رنز کی شاندار اننگز کھیلی،ہدف کے تعاقب میں بھارتی بیٹنگ لائن پاکستانی بولرز کے  سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 135 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

بولنگ کے شعبے میں بھی پاکستانی کپتان ذکا احمد نے شاندار کارکردگی کا مظاہر ہ کیا اور صرف 22 رنز کے عوض 6 بھارتی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، بہترین آل راؤنڈ کارکردگی دکھانے پر ذکا احمد کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔

واضح رہے کہ پہلے ڈیف ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کا آغاز 19 اپریل کو لاہور میں ہوا جب کہ ٹورنامنٹ میں میزبان پاکستان سمیت بھارت،سری لنکا اور افغانستان کی ٹیموں نے شرکت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔