کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات نے کنٹینرکے جھوٹ کو بے نقاب کردیا، پرویزرشید

ویب ڈیسک  اتوار 26 اپريل 2015
عمران کان کے جھوٹ کی سزا کراچی کے حلقے این اے246 میں کم ووٹ کی صورت میں  ملی، پرویز رشید  فوٹو: فائل

عمران کان کے جھوٹ کی سزا کراچی کے حلقے این اے246 میں کم ووٹ کی صورت میں ملی، پرویز رشید فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں عوام نے جو فیصلہ مسلم لیگ(ن) کے حق میں دیا اس کی سند کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں مل گئی۔

اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں عوام نے جو فیصلہ مسلم لیگ(ن) کے حق میں دیا اس کی سند گزشتہ روز ہونے والے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں مل گئی، عوام کے کل کا فیصلہ جوڈیشل کمیشن کے لئے بھی شہادت ہے۔ انہوں  نے کہاکہ تحریک انصاف نے پارلیمنٹ، ایوان صدر اورپی ٹی وی پر حملہ کیا اور عمران خان نے پاکستان میں ترقی کے سفر کو روکا اب وہ اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرکے عوام سے معافی مانگیں  اورجن لوگوں نے ان کو بہکایا ان کے نام بھی بتائیں۔

پرویز رشید نے کہا کہ تحریک انصاف کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے خیبرپختونخوا میں ان کی مقبولیت میں کمی آئی جب کہ عمران خان کو اپنی پالیسیوں کی وجہ سے  یہ دن دیکھنے پڑے کہ کل کے انتخابات میں ان کو اپنے صوبے خیبرپختونخوا میں صرف 33فیصد کامیابی ملی اور ان کے جھوٹ کی سزا کراچی کے حلقے این اے246 میں کم ووٹ کی صورت میں بھی ملی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمارے خلاف جو الزام لگائے ہم ان کو معاف کرتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔