بلغراد فٹبال لیگ میں ہنگامہ آرائی سے 35 پولیس اہلکار زخمی

اسپورٹس ڈیسک  پير 27 اپريل 2015
 جھگڑے کے باوجود مکمل ہونیوالا میچ 0-0 سے برابر رہا۔ فوٹو: رائٹرز

جھگڑے کے باوجود مکمل ہونیوالا میچ 0-0 سے برابر رہا۔ فوٹو: رائٹرز

بلغراد: بلغراد ڈربی میں پرتشدد واقعات سے 35 پولیس والے زخمی ہوگئے، 41 شائقین کو حراست میں لے لیاگیا، ریڈ اسٹار اور پارٹیزان شائقین کے مابین جھگڑے اور دیگر معاملات کو دیکھتے ہوئے میچ کو جلد ختم کیا جاسکتا تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ریڈ اسٹار اور پارٹیزان کے درمیان ایک پرتشدد بلغراد ڈربی میں 35 پولیس افسران زخمی ہوئے جبکہ 41 شائقین کو حراست میں لے لیا گیا، سربیئن وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پرتشدد واقعات کے نتیجے میں 35 پولیس افسران معمولی زخمی ہوئے ہیں، جواب میں پولیس نے پیشہ ورانہ اور موثر کارروائی کرتے ہوئے شائقین کے درمیان شروع ہونیوالے تنازع پر قابو پالیا، میچ سے قبل، دوران اور ختم ہونے کے بعد 41 افراد کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ پتھروں سے بھرے ایک ٹرک کو واپس ہونے پر مجبور کردیا گیا، میچ کا اختتام 0-0 ڈرا پر ہوا جس سے لیفٹ لیگ لیڈرز پارٹیزان واضح طورپر دوسری پوزیشن پرموجود ریڈ اسٹارکو5 پوائنٹس کی برتری حاصل اور 6 میچز ابھی باقی ہیں، میزبان ریڈ اسٹار شائقین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کی وجہ سے گیم کا آغاز حسب دستور45 منٹ دیر سے ہوا۔

پولیس کے تازہ دم دستے کی آمد پر وہاں موجود پولیس والوں نے فساد کرنے والے افراد کو پیچھے دھکیل دیا، ایک حصے کو خالی کرالیا گیا ،میچ کے آغاز کیساتھ پہلے ہاف میں زبردست جوش و خروش پایا گیا، چیمپئنز ریڈ اسٹار کے ڈارکو لازووک جبکہ پارٹیزان کے اسٹیفن بیبووک کو گول کرنے کا اچھا موقع ملا لیکن دونوں اس میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ اس دوران دونوں ٹیموں کے شائقین نے ایک دوسرے پر پٹاخے پھینکے اور ایتھلیٹکس ٹریک پر بھی کئی گرینیڈز پھینکنے کی وجہ سے فائر آفیسرز جگہ جگہ آگ بجھانے میں مصروف رہے، دھویں کی زیادتی کے سبب دوسرے ہاف کے درمیان بھی کئی منٹ تک میچ روکنا پڑا، وقفے کے بعد پارٹیزان نے غلبہ حاصل کیا اور میزبان کیپر ریڈراگ ریجوکووک نے ڈارکو براساناک اور گریگور بالازک کی کوششوں کو ناکام بنایا۔ نوجوان اسٹرائکر لوکا جووک نے ریڈ اسٹار کا ایک قیمتی موقع ضائع کیا جب پارٹیزان کیپر زیوکو زیوکووک نے پنالٹی باکس میں ان کے خطرناک شاٹ پر بال کوجال میں جانے سے روکا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔