افغانستان میں فورسز کا آپریشن اور جھڑپیں، 173طالبان اور 11فوجی ہلاک

اے ایف پی / خبر ایجنسیاں  پير 27 اپريل 2015
آپریشن جاؤزجان، قندھار، زابل، غزنی، قندوز، فراہ، ہرات، ہلمند اور دیگر صوبوں میں کیے گئے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

آپریشن جاؤزجان، قندھار، زابل، غزنی، قندوز، فراہ، ہرات، ہلمند اور دیگر صوبوں میں کیے گئے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

کابل: افغانستان کے مختلف صوبوں میں فورسز کے آپریشن کے دوران غیر ملکیوں سمیت 173 طالبان جنگجو ہلا ک اور 138 زخمی ہوگئے جبکہ طالبان کے حملوں میں 11 افغان فوجی مارے گئے۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان صدیق صدیقی نے بتایا کہ افغان سکیورٹی فورسز نے طالبان کی جانب سے نئے حملوں کے آغاز کے بعد ملک میں خصوصی آپریشن کیے جن میں غیر ملکیوں سمیت 173 طالبان جنگجو ہلا ک اور 138 زخمی ہوگئے جبکہ طالبان کے حملوں میں 11 افغان فوجی مارے گئے۔ آپریشن میں افغان نیشنل پولیس، آرمی اور انٹیلی جنس این ڈی ایس نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔ آپریشن جاؤزجان، قندھار، فریاب، زابل، غزنی، بادغیس، قندوز، فراہ، ہرات، پکتیکا، ہلمند اور میدان وردک صوبے میں کیے گئے۔

افغان وزارت دفاع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں افغان آرمی کے آپریشن میں 41 جنگجو ہلاک اور 28 زخمی ہوگئے۔ قندوز کے مختلف علاقوں میں افغان سیکیورٹی فورسزکے آپریشن کے دوران 40 شدت پسندوں کو ہلاک کردیا اور 4غیر ملکی جنگجوؤں سمیت40شدت پسند زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 4 غیر ملکی جنگجو بھی شامل ہیں جبکہ 36 افغان طالبان ہیں اور زخمی حالت میں حراست میں لیے گئے تمام شدت پسندوں کا تعلق تحریک طالبان افغانستان سے ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔