محکمہ موسمیات طوفان کی پیشگی اطلاع دیتا تو جانی نقصان سے بچا جاسکتا تھا، ریحام خان

ویب ڈیسک  پير 27 اپريل 2015
بحیثیت قوم ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ ہم نے کسی بھی معاملے پر منصوبی بندی نہیں، ریحام خان فوٹو: فائل

بحیثیت قوم ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ ہم نے کسی بھی معاملے پر منصوبی بندی نہیں، ریحام خان فوٹو: فائل

پشاور: چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ ریحام خان کا کہنا ہے کہ طوفان اور بارشیں اللہ کی آزمائش ہیں لیکن اگر محکمہ موسمیات کی جانب سے طوفان کی پیشگی اطلاع دے دی جاتی تو جانی نقصان سے بچا جاسکتا تھا۔  

لیڈی ریڈنگ اسپتال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریحام خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں اس وقت ہونے والی بارشیں غیر موسمی ہیں جس کی وجہ ماحولیاتی تغیرات ہیں جس پر ہمیں توجہ دینا ہوگی، گزشتہ روز ہونے والی بارشوں سے پشاور،نوشہرہ اورچارسدہ سب سے زیادہ متاثرہوئے، بارش سے ہونے والے حادثات کے باعث زخمی ہونے والوں کا بہترین علاج کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جوڈیشل کمیشن میں مصروفیت کی وجہ سے نہیں آسکے اور وہ بھی خراب موسم کی وجہ سے بذریعہ سڑک پشاور پہنچی ہیں لیکن اس کے باوجود وہ صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی سے براہ راست رابطے میں ہیں۔

ریحام خان نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ ہم نے کسی بھی معاملے پر منصوبی بندی نہیں کی۔ موجودہ دور میں سائنس نے اتنی ترقی کرلی ہے کہ زلزلوں اور طوفانوں سے متعلق کئی روز پہلے ہی پیش گوئی کی جاسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے طوفان کے بارے میں پیشگی اطلاع نہیں دی، اگر ایسا ہوجاتا تو جانی نقصان سے بچنے کے لئے اقدامات کئے جاسکتے تھے۔ محکمہ موسمیات نے اب آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے ، وہ دعا گو ہیں کہ اس سے مزید نقصان نہ ہو۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔