بھارت میں عشق میں گرفتار کتے اورکتیا کی شادی دھوم دھام سے کردی گئی

ویب ڈیسک  پير 27 اپريل 2015
اولاد نہ ہونے کی وجہ سے کتیا  کو گود لیا اوراسے بالکل بچوں کی طرح پالا،مالک اورمالکہ

اولاد نہ ہونے کی وجہ سے کتیا کو گود لیا اوراسے بالکل بچوں کی طرح پالا،مالک اورمالکہ

سورت: کہتے ہیں محبت میں نہ تو عمر کی کوئی قید ہوتی ہے اور نہ ہی اس کی کوئی حدیں ہوتی ہیں انسان تو انسان جانوروں کی محبت کی داستانیں اکثرو بیشتر میڈیا کی زینت بنتی رہتی ہیں ایسا ہی کچھ ہوا بھارت مین جہاں ایک پالتو کتے اور کتیا میں محبت ہوگئی اور صرف چند ماہ میں ہی ان کے مالکان نے ایک بڑی تقریب میں انہیں شادی کے بندھن میں باندھ کر ان کی محبت ہمیشہ ہمیشہ کے لیے امرکردی۔

بھارتی ریاست گجران کے شہر سورت میں ہونے والی اس پالتوجوڑے کی شادی کی تقریب میں 500 سے زائد افراد نے شرکت کی اوراس  دوران نہ صرف خوشی کے شادیانے بجائے گئے بلکہ بینڈ باجے کے شور میں کتے کی بارات لائی گئی جب کہ مہمانوں کی لذیذ اور پرتکلف کھانوں سے تواضع کی گئی۔

کتیا کے مالک اورمالکہ  کا کہنا تھا کہ  اولاد نہ ہونے پر گودولو نامی کتیا کو گود لے لیا اور اس کی پرورش انہوں نے بچوں کی طرح کی تاہم  چند ماہ سے  پریشان تھے کہ کیوں کہ ایک کتا ان کی کتیا کا پیچھا کرنے لگا تھا جس کے بعد انہوں نے اس کتے موتی کے مالک کا پتہ لگایا اور اسے خبردار کیا کہ اسے قابو میں رکھے  تاہم کچھ ہی دن میں  اندازہ ہوگیا کہ کتیا بھی موتی میں دلچسپی لے رہی ہےاور دونوں کو ایک دوسرے کے لئے بے تاب ہوتا دیکھ کر فیصلہ کیا کہ انہیں ملا دیا جائے اوراس کے لئے کتے کے مالک سے رشتہ مانگ کر اپنی گودولو کی شادی بڑی دھوم دھام سے کی  جب کہ شادی کی تقریب میں   پڑوسیوں، دوستوں اور رشتے داروں کو مدعو کیا گیا۔

دلچسپ بات یہ تھی کہ شادی کے موقع پر دلہا کو دلہن والوں کی جانب  سے 3 گرام سونے کی چین جب کہ گودلو کو زیور، نئے کپٹرے اوردیگر تحائف ملے جب کہ شادی پر 80 ہزار کا خرچہ آیا جو دونوں خاندانوں نے آپس میں بانٹ لیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔