کراچی آپریشن منطقی انجام تک پہنچے گا، چوہدری نثار علی

ویب ڈیسک  پير 27 اپريل 2015
وفاقی وزیر داخلہ کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، فوٹو:فائل

وفاقی وزیر داخلہ کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، فوٹو:فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور کراچی آپریشن بھی منطقی انجام تک پہنچے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ڈائریکٹر جنرل این ایف اے، ڈی جی رینجرز پنجاب اور سندھ سمیت آئی جی بلوچستان اور آئی جی خیبرپختونخوا نے بھی شرکت کی اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے امن وامان کے لیے سول آرمڈ فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سول آرمڈ فورسز کا کردار انتہائی اہمیت رکھتا ہے، چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام اداروں میں تعاون ضروری ہے، حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور کراچی آپریشن بھی منطقی انجام تک پہنچے گا۔

چوہدری نثار نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں میں تعاون کے لیے 28 ونگز بنائے جائیں گے جس کے لیے 30 ارب روپے مختص کردیئے گئے ہیں، اس موقع پر ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور آپریشن کررہے ہیں جب کہ آئی جی ایف سی بلوچستان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کررہے ہیں اور صوبے میں ریاستی رٹ قائم کی جارہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔