سعودی کمپنیاں پاکستان میں4ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرینگی، انوشہ رحمٰن

نمائندہ ایکسپریس  منگل 28 اپريل 2015
خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں 20ارب ڈالر کے آئی ٹی کے 9منصوبے شروع کیے جارہے ہیں، انوشہ رحمٰن۔ فوٹو : اے پی پی

خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں 20ارب ڈالر کے آئی ٹی کے 9منصوبے شروع کیے جارہے ہیں، انوشہ رحمٰن۔ فوٹو : اے پی پی

اسلام آباد: وزیر مملکت آئی ٹی انوشہ رحمان کا کہناہے کہ سعودی کمپنیاں پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں 4ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں اور ہم 2020 تک آئی ٹی کی برآمدات کا حجم 4ارب ڈالر تک لے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں اسلام آباد میں پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کی جانب سے آئی ٹی کے شعبے میں بہترین کارکردگی دکھانے والے ماہرین اور مختلف موبائل ایپس بنانے والے طلبا کی حوصلہ افزائی کیلیے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمان نے کہا کہ ہم نے یونیورسل ٹیلی سینٹر پروگرام منظور کرلیاہے۔

جس کے تحت 500 نئے ٹیلی سینٹر کھولے جائیں گے اور یہ 11ارب ڈالر کا منصوبہ ہے۔ ٹیلی کام کمپنیوں میں 300افرادکو تنخواہ پر انٹرن شپ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے رواں سال کو آئی ٹی کا سا ل قرار دینے کا اعلان کیاہے۔

آئی ٹی سیکٹر کی ترقی حکومت کی ترجیح ہے۔ ٹیلی کام سیکٹر کا ریونیو آئندہ پانچ سال میں 800ارب روپے تک پہنچ جائیگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ٹی سیکٹر کا ریونیو 2020 چار ارب ڈالر تک پہنچ جائیگا۔ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں 20ارب ڈالر کے آئی ٹی کے 9منصوبے شروع کیے جارہے ہیں ۔

اس موقع پرچیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر اسماعیل کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کے ماہرین اور طلبا کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتے ہیں۔ ایک کارڈ پر ایک سے زائد سموں کی تصدیق کا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے اب ایک شناختی کارڈ پر ایک سم تصدیق کرنے کی ڈیڈلائن پر کل آئی ٹی کے ساتھ اجلاس میں فیصلہ کرینگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔