بھارت علیحدگی پسندوں کو کچلنے کیلیے67 ہزار کلاشنکوفیں خریدے گا

آئی این پی  منگل 28 اپريل 2015

نئی دہلی: بھارت نے ماؤ نواز باغیوں اور کشمیری حریت پسندوں کے خلاف پولیس فورس کو کلاشنکوف دینے کا فیصلہ کر لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حکومت  نے ریڈ زون میں ماؤ نواز باغیوں اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں حریت پسندوں سے لڑائی کیلیے پولیس فورس کو کلاشنکوف سے مسلح کرنے کا فیصلہ کر لیا، بھارت پولیس کیلیے 150 کروڑ کی 67 ہزار کلاشنکوفیں خریدے گا جن میں سے 13 ہزار مقبوضہ کشمیر میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کو دی جائیں گی۔

رپورٹ کے مطابق بھارت کی مرکزی وزارت داخلہ نے INSAS نامی رائفل کو تبدیل کر کے پولیس فورس کو اس کے متبادل AK-47 سے لیس کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ریڈ زونز اور کشمیر میں بھارتی پولیس فورس ’’انڈین اسمال آرمز سسٹم ( آئی این ایس اے ایس)‘‘ نامی رائفل استعمال کرتی ہے، جس میں نقائص کی نشاندہی پر اب کلاشنکوف دی جائے گی، بھارتی وزارت داخلہ نے سی آر پی ایف کی ایک سال سے دی گئی درخواست کو منظور کرتے ہوئے کلاشنکوفیں خریدنے کی منظوری دے دی ہے۔

3 لاکھ پولیس فورس کے استعمال میں ہتھیاروں میں سے 40 فیصد آئی این ایس اے ایس رائفل ہے، 67 ہزار کلاشنکوف کی لاگت 1ارب 50 کروڑ روپے آئے گی جن میں سے 54 ہزار کلاشنکوف نکسل علاقے کے لیے فراہم کی جائیں گی اور 13ہزار مقبوضہ جموں کشمیر میں پولیس کو دی جائیں گی، اس وقت جموں و کشمیر میں ایک بٹالین کے پاس 217 کلاشنکوف استعمال میں ہیں جسے دگنا کرکے 435 کردیا جائے گا، جبکہ نکسل کے لیے217 سے869 کر دیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔