بھارت کی پرکشش شخصیات میں فواد خان نے رنبیرکپورکو پیچھے چھوڑ دیا

ویب ڈیسک  منگل 28 اپريل 2015
آن لائن سروے میں فواد خان کے رکھ رکھاؤ اورتہذیب سے بھرے انداز کو بے حد پسند کیا گیا. فوٹو:فائل

آن لائن سروے میں فواد خان کے رکھ رکھاؤ اورتہذیب سے بھرے انداز کو بے حد پسند کیا گیا. فوٹو:فائل

ممبئی: بھارت کے مقامی فلم انسٹی ٹیوٹ نے فلمی دنیا اور کھیلوں سے وابستہ 50 پسندیدہ ترین اورپرکشش افراد کی فہرست جاری کی ہے جس میں پاکستان کے فوادخان، علی ظفر اور عاطف اسلم بھی شامل ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم انسٹی ٹیوٹ نے درجہ بندی کرتے ہوئے ایسے افراد کا چناؤ کیا جو ظاہری اعتبار سے مسحور کن ہونے کے ساتھ جسمانی طور پر بھی پرکشش دکھائی دیتے ہیں اور اس حوالے سے آن لائن سروے کے ذریعے بھارتی عوام  سے رائے معلوم کی گئی۔ پاکستانی اداکار اور بالی ووڈ انڈسٹری میں حال ہی میں قدم رکھنے والے فواد خان، علی ظفر اور عاطف اسلم بھی ان اشخاص میں شامل ہیں جنہیں مداحوں کی جانب سے بے حد پذیرائی ملی، 50 پسندیدہ ترین اشخاص کی فہرست میں فواد خان تیسرے نمبر پر ہیں جب کہ علی ظفر 20ویں اور عاطف اسلم کو 41واں نمبر حاصل ہے۔

ابتدائی 10 پسندیدہ ترین اشخاص میں بھارتی بلے باز ویرات کوہلی پہلے، بالی ووڈ اداکار ہریتک روشن دوسرے اور  پاکستانی اداکار فواد خان تیسرے نمبر پر قرار دیئے گئے، آن لائن سروے میں  فواد کو شادی شدہ ہونے کے باوجود بھارتی خواتین کی اکثریت نے  بے حد پسند کیا اوراس کی وجہ  ان کے رکھ رکھاؤ اورتہذیب سے بھرے انداز کو قراردیا گیا۔

پسندیدہ ترین اشخاص میں فرحان اختر چوتھے، شاہد کپور پانچویں، مہیش بابو چھٹے، سدہارتھ ملہوترا ساتویں، رنبیر کپور آٹھویں، رنویر سنگھ نویں اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی دسویں نمبر پر ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔