سعودی عرب میں عمارت گرنے سے 6 پاکستانی جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے، دفترخارجہ

ویب ڈیسک  بدھ 29 اپريل 2015
ریاض میں موجود پاکستانی سفارتکار حکام سے رابطے میں ہیں اور زخمیوں کی دیکھ بھال کی جارہی ہے،ترجمان. فوٹو: پریس ٹی وی

ریاض میں موجود پاکستانی سفارتکار حکام سے رابطے میں ہیں اور زخمیوں کی دیکھ بھال کی جارہی ہے،ترجمان. فوٹو: پریس ٹی وی

اسلام آباد: سعودی عرب میں زیرتعمیر عمارت گرنے سے 6 پاکستانی جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے جب کہ 2 مزدور تاحال ملبے تلے دبے ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی القاسم یونیورسٹی کے کنونشن سینٹر کی زیرتعمیر عمارت پیر کے روز منہدم ہوئی جس میں کام کرنے والے 6 پاکستانی مزدور ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوئے جب کہ 7 زخمی ہیں جنہیں قریبی اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ ملبے تلے اب بھی دو پاکستانی موجود ہیں جنہیں نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ریاض میں موجود پاکستانی سفارتخانے کے حکام القاسم یونیورسٹی حکام سے رابطے میں ہیں اور زخمیوں کو دی جانے والی طبی امداد کی دیکھ بھال کر رہے ہیں جب کہ لاشوں کو پاکستان منتقل کرنے کے حوالے سے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ منازل کنسٹرکشن کمپنی کے متاثرہ ملازمین کے اہل خانہ ریاض میں پاکستانی سفارتخانے سے درج نمبروں پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

009666-571870352 اور 00966-57182623

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔