کراچی میں قائم صحت کا بنیادی نظام تبدیل کرنےکا فیصلہ

طفیل احمد  پير 4 مئ 2015

کراچی: حکومت سندھ نے کراچی میں صحت کے شعبے کو ایک بار پھر عدم مرکزیت (ڈی سینٹرلائزڈ) کرنے کا عندیہ دیا ہے جس سے کراچی میں صحت کا نظام درہم برہم ہونے کا اندیشہ ہے۔

موجودہ ضلعی نظام کے تحت کراچی میں صحت کی بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیلیے 18 ٹاؤن قائم ہیں مجوزہ نئے نظام کے تحت ان ٹاؤنز کو ختم کرکے کراچی کے 6 اضلاع میں گریڈ 20 کے 6 ضلعی صحت افسران کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے2001 میں اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کے نظام کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس نظام کی جگہ مجوزہ نئے نظام کا نفاذ ہوگا، ذرائع کے مطابق حکومت سندھ نے محکمہ صحت کے تحت کراچی میں ٹاؤن کی سطح پر قائم صحت کا بنیادی ڈھانچہ تبدیل کرکے سابقہ نظام صحت لاگو کرنے کا فیصلہ کیا ہے موجودہ صحت نظام کے بنیادی ڈھانچے کے تحت کراچی میں عوام کو صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کیلیے18ٹاؤن صحت افسران تعینات ہیں۔

حکومت کی خواہش ہے کہ کراچی سے صحت کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کرکے کراچی کے 6 اضلاع میں گریڈ 20 کے ضلعی صحت افسران (ڈی ایچ اوز) کو تعینات کیا جائے، ان افسران کے ماتحت گریڈ19کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ افسران اور موجودہ ٹاؤن صحت افسران جو گریڈ 18اور گریڈ 19میں تعینات ہین انھیں ہٹاکر ضلعی صحت افسران کے ماتحت کیا جائے، مجوزہ نئے نظام کے تحت ضلعی اسپتالوں اور صحت کے بنیادی مراکز اور ڈسپسنریوںکو ضلعی صحت افسران کی نگرانی میں دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق کراچی میں2001 میں اختیارات کی نچلی سطح پر متعارف کرائے جانے والے ضلعی اور ٹاؤن کا نظام صحت کامیابی سے چل رہا ہے اورکراچی کے 18ٹاؤنز ہیلتھ افسران کو حکومت سندھ براہ راست بجٹ بھی فراہم کررہی ہے جس سے عوام کو ان ہی کے ٹاؤن میں صحت کی بنیادی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں لیکن حکومت سندھ نے بغیر کسی منصوبہ بندی کے کراچی کے 18ٹاؤن کو ختم کرکے ان کی جگہ 6 ضلعی صحت افسران کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے، گزشتہ روز حکومت سندھ نے کراچی کے بن قاسم ٹاؤن میں ٹی ایچ اوکی تعیناتی کے احکام جاری کیے ہیں جبکہ دوسری جانب صحت کے موجودہ نظام کے بنیادی ڈھانچے کی تبدیلی کا کام شروع کردیا گیا ہے، حکومتی عمل سے محکمہ صحت کے افسران تذبذب کا شکارہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔