زمبابوین حکام پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات پر مطمئن

ویب ڈیسک  بدھ 6 مئ 2015

لاہور: پاکستان میں سیکیورٹی کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے آنے والے زمبابوین وفد نے سیکیورٹی انتظامات کو اطمینان بخش قرار دے دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق زمبابوین کرکٹ بورڈ کے 4 رکنی وفد قذافی اسٹیڈیم لاہور پہنچا جہاں انہوں نے کرکٹ اسٹیڈیم اور کھلاڑیوں کی رہائشگاہ کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر پنجاب حکومت اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کی جانب سے زمبابوے کے وفد کو سیکیورٹی معاملات پر بریفنگ دی۔

میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے الیسٹر کیمبل کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کی مدد کرنے آرہے ہیں، کئی برس بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو گی، پاکستان آ کر بہت جذباتی ہوں، زمبابوے ٹیم خوشی سے آ رہی ہے، کرکٹ کو ترسے پاکستانی شائقین کھیل سے لطف اندوز ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی کھیلنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ زمبابوے کی کرکٹ ٹیم ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے 19 مئی کو پاکستان پہنچ رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔