شہباز شریف کی اسلام آباد راولپنڈی میٹرو بس منصوبہ 5روز میں مکمل کرنے کی ہدایت

ویب ڈیسک  اتوار 10 مئ 2015
راولپنڈی اور اسلام آباد کے عوام نے بہت برداشت کا مظاہرہ کیا،شہباز شریف فوٹو: فائل

راولپنڈی اور اسلام آباد کے عوام نے بہت برداشت کا مظاہرہ کیا،شہباز شریف فوٹو: فائل

راولپنڈی: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے راولپنڈی میٹرو بس منصوبہ 5 روز میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ کی تکمیل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں میٹرو منصوبے کے چیئرمین حنیف عباسی، راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت اور ضلعی انتطامیہ کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے میٹرو بس کے مری روڈ سیکشن ون کی ناقص تعمیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی دوبارہ کارپٹنگ کا حکم دے دیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میٹرو بس پراجیکٹ کو 5 روز میں مکمل کردیا جائے اور پھروزیراعظم نواز شریف کی مصروفیت کو مد نظر رکھتے ہوئے آئندہ ہفتے اس کا باقاعدہ افتتاح کردیا جائے گا۔

اجلاس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب نے فیض آباد سے صدر تک میٹرو روٹ کا معائنہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ایک ایک پائی شفاف انداز میں عوام کی فلاح و بہبود پرخرچ کر رہی ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد کے عوام نے بہت برداشت کا مظاہرہ کیا، اس منصوبے کی تکمیل سے منفی تنقید کرنے والوں کے منہ بند ہوجائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔