انسداد پولیو مہم، 8 حساس یوسیز میں سوا 2 لاکھ بچوں کو حفاظتی خوراک پلا دی گئی

اسٹاف رپورٹر  بدھ 20 مئ 2015
3یونین کونسلوں کو محفوظ قرار دیدیا گیا، 95 فیصد ہدف حاصل، ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائینگے، کمشنر۔ فوٹو: فائل

3یونین کونسلوں کو محفوظ قرار دیدیا گیا، 95 فیصد ہدف حاصل، ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائینگے، کمشنر۔ فوٹو: فائل

کراچی: کراچی کی 8 حساس یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم کے دوران حفاظتی خوراک پینے سے رہ جانے والے بچوں پر توجہ دی جارہی ہے۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پرکراچی کی8 حساس یونین کونسلوں میں شروع کی جانے والی مہم کے حالیہ راؤنڈ میں دو لاکھ 15 ہزار 913 بچوں کو قطرے پلائے گئے، مہم کا حالیہ راؤنڈ ایک ہفتہ کے لیے11مئی کوشروع ہوا تھا جس کا ہدف 2 لاکھ 26 ہزار 367 مقررکیا گیا تھا حالیہ راؤنڈ میں مہم کی کارکردگی اور بچوں کو قطرے پلانے کی مہم کی تفصیلات کے بارے میں رپورٹ کمشنرکو پیش کردی گئی، کمشنر شعیب احمد صدیقی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں مہم کاجائزہ لیا گیا اور بتایا گیا کہ حالیہ انسداد پولیو مہم میں95 فیصد ہدف حاصل کرلیا گیا ہے۔

محکمہ صحت، عالمی ادارہ صحت اوریونیسف کے تعاون سے کراچی کی 11حساس یو نین کونسلوں میں مہم شروع کی گئی تھی جہاں پولیو کے کیسز پائے گئے تھے، 3 یونین کونسلوں کو حال ہی میں تیارہونے والی ماحولیاتی رپورٹ میں پولیو سے محفوظ قراردے دیا گیا اور اب صرف 8 یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم چلائی جارہی ہے ان یونین کونسلوں میں مسلم آباد، گجرو، اسلامیہ کالونی مظفرآباد، منگھوپیر، اتحاد ٹاؤن، چشتی نگر اور سونگل شامل ہیں۔

کمشنر نے عالمی ادارہ صحت اور ٹاؤن ہیلتھ افسران سے کہا ہے کہ ہر بچے کو پولیوکے قطرے پلانے تک مہم جاری رکھی جائے گی جوبچے رہ گئے ہیں انھیں قطرے پلانے کے لیے کمیونٹی کا تعاون حاصل کیا جائے، ہم سب جدوجہد کررہے ہیں کہ ملک سے پولیوکاخاتمہ ہو، ہمارے بچے پولیو سے محفوظ رہیں اور انھیں صحت مند زندگی میسرآئے ،حساس علاقوں میں شروع کی جانے والی انسداد پولیو مہم سے ان مقاصد کے حصول میں مدد ملے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔