روہنگیا تارکین وطن کی تلاش میں ملائیشیا نے چار بحری جہازروانہ کردیئے

ویب ڈیسک  جمعـء 22 مئ 2015
روہنگیا مسلمانوں کے بحران پر امریکہ اور مغربی ممالک نے بھی مدد کا اعلان کیا ہے۔ فائل: فوٹو

روہنگیا مسلمانوں کے بحران پر امریکہ اور مغربی ممالک نے بھی مدد کا اعلان کیا ہے۔ فائل: فوٹو

کوالالمپور: میانمار سے روہنگیا مسلمانوں کی جانب سے وطن چھوڑنے اور سمندروں میں بھٹکنے کے بعد ملائشیا نے دست تعاون بڑھاتے ہوئے ان کی مدد کے لئے 4 بحری جہاز روانہ کردیئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملائشین وزیراعظم نجیب رزاق نے بحری افواج کو سمندر میں موجود ہزاروں روہنگیا تارکین وطن کی تلاش اور ان کی جان بچانے کے احکامات جاری کئے تھے جس کے پیش نظر ابتدائی طور پر 4 جہاز سمندر میں روانہ کر دیئے گئے ہیں دوسری جانب تھائی لینڈ نے میانمار کے باشندوں کو پناہ دینے سے صاف انکار کردیا ہے اور کہا ہے کہ میانمار حکومت اس مسئلے پر کانفرنس کے انعقاد پر رضامند ہوگئی ہے۔

سمندر میں خوراک اور پانی کو ترستے اور بھوک سے مرتے ہوئے لاچار روہنگیا تارکین وطن کی تصاویر ذرائع ابلاغ میں آنے کے بعد امریکا اور مغربی ممالک نے علاقائی قوتوں سے اس معاملے پر دست تعاون بڑھانے پر زوردیا تھا جب کہ ملائشیا اور انڈونیشیا کے وزرائے خارجہ نے اس مسئلے پراہم ملاقات کی جس میں روہنگیا مسلمانوں کی جانیں بچانے کے حوالے سے طریقہ کار پر بات کی گئی جس کے بعد دونوں ممالک میں اتفاق ہوگیا ہے کہ وہ تارکین وطن کو اپنے ملک میں پناہ دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔