داعش نے شام سے عراق جانے والی آخری چیک پوسٹ پر بھی قبضہ کرلیا

ویب ڈیسک  جمعـء 22 مئ 2015
داعش نے پالمیرا اور رمادی پر قبضے کے بعد نصف شام پر قبضہ کرلیا ہے۔ فوٹو:فائل

داعش نے پالمیرا اور رمادی پر قبضے کے بعد نصف شام پر قبضہ کرلیا ہے۔ فوٹو:فائل

دوحہ، قطر: داعش جنگجوؤں نے آخری محفوظ شامی عراقی سرحد پر قبضہ کرلیا ہے جس کے بعد شام کا آدھا حصہ داعش کے ہاتھوں میں چلا گیا ہے ۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شامی افواج کی پسپائی کے بعد داعش نے عراق جانے والی الطناف سرحد کی اہم چوکی پر قبضہ کرلیا ہے جو اس سے قبل تک عراق جانے والی ایک محفوظ راہ تھی۔ اس بات کا انکشاف شام میں موجود برطانوی رضاکار تنظیم ’سیرین آبزوریٹری آف ہیومن رائٹس‘ نے کیا ہے جو اپنے رضاکاروں کے ذریعے معلومات جمع کرتی ہے۔ تنظیم کے مطابق اس سرحد کا عراقی حصہ الولید کہلاتا ہے اور وہاں سے بھی عراقی افواج جاچکی ہے۔

اس سے قبل داعش کے جنگجوؤں نے اہم عراقی شہر رمادی اور شام کے قدیم تاریخی شہر پالیمرا پربھی قبضہ کرتے ہوئے پالمیرا کی جیل سے سیکڑوں قیدیوں کو بھی چھڑالیا جب کہ حکومتی عمارات، اسلحہ خانوں، میوزیم اور دیگر اہم سرکاری عمارات بھی داعش کے قبضے میں ہیں، جنگجوؤں کے شہر پر قبضے کے بعد ہزاروں افراد نقل مکانی کرنے پر مجبورہوگئے جس کے بعد شہر میں بنیادی سہولتوں کی قلت بھی پیدا ہوگئی۔

واضح رہے کہ عراق کا ایک بڑا حصہ اور شام کا قریباً نصف علاقہ اب داعش کے تسلط میں چلا گیا ہے جب کہ یمن اور لیبیا میں بھی داعش کے جنگجو بہت منظم اورسرگرم ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔