سعودی عرب میں مسجد میں خود کش حملہ، 20 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی

ویب ڈیسک  جمعـء 22 مئ 2015

ریاض: سعودی عرب کے مشرقی صوبہ قطیف کی ایک شیعہ مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکے میں کم از کم20افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے جنہیں زہرہ اور قطیف کے اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ، بعض کی حالت تشویش ناک ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہرکیا گیا ہے۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/05/q85.jpg

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/05/pic-12.jpg

سعودی میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ کے حکام کاکہنا ہے کہ خودکش دھماکا مشرقی صوبے قطیف کے گاؤں قدیح میں واقع امام علی مسجد میں ہوا جہاں ایک خودکش حملہ آور نے نماز جمعہ کے دوران خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے، عینی شاہدین کے مطابق مسجد میں150 نمازی موجودتھے ۔دھماکا اتنا شدید تھا کہ انسانی اعضا دور دور تک بکھر گئے اور ہر طرف خون پھیل گیا ، کم از کم20 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے، دھماکے سے مسجد کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/05/q130.jpg

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/05/pic-21.jpg

بی بی سی کے مطابق ایک نمازی کمال جعفر حسین نے بتایا ہے کہ ہم نے نماز کا پہلا حصہ مکمل کیا ہی تھا کہ ایک زودار دھماکے کی آواز سنائی دی اور چیخ و پکار مچ گئی۔قطیف کے سینٹرل اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد10ہے جبکہ کم از کم70 زخمی ہیں جن میں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔شہریوں سے خون دینے کی درخواست کی گی ہے۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/05/q229.jpg

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/05/pic-31.jpg

سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ خود کش حملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ترجمان نے اس واقعہ میں ہلاک و زخمیوں کی تعداد نہیں بتائی ، ترجمان کا کہنا تھا متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی پر جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ’دہشت گردی کی اس واردات کے ذمے داران کی تلاش میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ سعودی مفتی اعظم نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ اس کامقصد عوام میں پھوٹ ڈالنا ہے،دریں اثنا سعودی عرب میں شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کی شاخ (داعش) نے ایک بیان میں اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/05/q323.jpg

ادھر اسلام آباد سے نمائندہ کے مطابق پاکستان نے سعودی عرب میں قدیح کے مقام پر مسجد میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے جس میں کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے ۔ دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اس دہشت گردی کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے پسماندگان کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلیے دعا گو ہیں۔ انھوں نے کہا کہ معصوم لوگوں کے خلاف اس بربریت پر مبنی حملے میں ہم سعودی عرب کے عوام کے دکھ میں برابرکے شریک ہیں۔ انھوں نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کی کسی بھی قسم کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/05/q419.jpg

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/05/mamnoon-nawaz.jpg

صدر مملکت ممنون حسین نے سعودی عرب میں مسجد میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے تعزیت اور جانی و مالی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیاکیا ہے، ایوان صدر سے جاری ایک بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان سعودی عرب کے ساتھ ہے۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے سعودی عرب میں دہشگردی کی اس واردات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کے نام پر دہشت گر د انسانیت کو قتل کررہے ہیں ان کا اسلام سے کوئی واسطہ نہیں ہے اور نہ وہ مسلمان کہلانے کے لائق ہیں انھوں نے شہید ہونے والے افراد کیلیے نیک درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلیے دعا کی، اسلام آباد سے نمائندے کے مطابق جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمن نے بھی سعودی عرب کے صوبے قطیف میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت اور ہلاکتوں پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔