چاچا کرکٹ پُرجوش نعروں سے شائقین کا لہو گرماتے رہے

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 23 مئ 2015
چاچا کرکٹ نے شائقین سے پرزور اپیل کی کہ وہ مہمان ٹیم کا ایسے استقبال کریں کہ جیسے وہ صدیوں یاد رکھے۔  فوٹو : اے ایف پی

چاچا کرکٹ نے شائقین سے پرزور اپیل کی کہ وہ مہمان ٹیم کا ایسے استقبال کریں کہ جیسے وہ صدیوں یاد رکھے۔ فوٹو : اے ایف پی

لاہور: پاکستان اور زمبابوے کے مابین پہلے ٹوئنٹی 20 میچ میں چاچا کرکٹ بھی شائقین کا لہو گرماتے رہے، سیالکوٹ کے رہائشی صوفی عبدالجلیل صبح ہی مخصوص سبز لباس زیب تن کیے اور ہاتھ میں قومی پرچم اٹھائے لاہور کی سڑکوں پر نکل پڑے اور نوجوانوں کے ساتھ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا بھرپور جشن منایا، میچ شروع ہونے سے قبل وہ قذافی اسٹیڈیم کے باہرکھڑے ہوگئے اورانھوں نے روایتی انداز میں شائقین کو خوش آمدید کہا اس موقع پر نوجوان پرستاروں نے ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے چاچا کرکٹ کا کہنا تھا کہ آج پاکستانیوں نے ثابت کردیا ہے کہ وہ کرکٹ سے بے پناہ پیار کرتے ہیں، نوجوانوں کا جوش بتارہا ہے کہ وہ غیرملکی ٹیموں کو یہاں نہ آنے سے کس قدر پریشان تھے۔ انھوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کی طرح وہ بھی زمبابوین ٹیم کا شکریہ اداکرتے ہیں کہ وہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے پہلا قطرہ ثابت ہوئے۔

چاچا کرکٹ نے شائقین سے پرزور اپیل کی کہ وہ مہمان ٹیم کا ایسے استقبال کریں کہ جیسے وہ صدیوں یاد رکھے اور اس بے مثال مہمان نوازی سے متاثر ہو کر دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آکر کھیلیں۔بعدازاں میچ کے دوران بھی صوفی عبدالجلیل نے روایتی انداز میں دونوں ٹیموں کے پلیئرز کو خوب داد دی اور اپنے نعروں سے شائقین کو بھی جوش دلاتے رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔