بھارتی وزیرکا بیان بھارت کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کی تصدیق ہے، سرتاج عزیز

ویب ڈیسک  ہفتہ 23 مئ 2015
پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، سرتاج عزیز، فوٹو:فائل

پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، سرتاج عزیز، فوٹو:فائل

اسلام آباد: مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیردفاع کے بیان سے پاکستان میں دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے ہمارے مؤقف کی تائید ہوتی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر کے بیان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بیان سے پاکستان میں دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے ہمارے موقف کی تائید ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب کسی ملک کا وزیر اپنے ملک کو دہشت گردی سے بچانے کے لیے دوسرے ملک میں دہشت گردی کرنے کی کھلےعام حمایت کررہا ہے۔

مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور ہم تمام ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں جب کہ بہتر ہوگا کہ دونوں ملک مل کر دہشت گردی ختم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔

واضح رہے بھارتی وزیر دفاع نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا تھا کہ سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کا مقابلہ وہاں دہشت گرد بھیج کر ہی کیا جا سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔