پاکستان کو سعیدکی کمی شدت سے محسوس ہونے لگی

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 24 مئ 2015
مستقبل قریب میں بھی آف اسپنر کا خلا پُر ہوتا نظر نہیں آتا، چیف کوچ کا اعتراف۔ فوٹو: فائل

مستقبل قریب میں بھی آف اسپنر کا خلا پُر ہوتا نظر نہیں آتا، چیف کوچ کا اعتراف۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان کو سعید اجمل کی کمی شدت سے محسوس ہونے لگی،ہیڈ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ مستقبل قریب میں بھی آف اسپنر کا خلا پُر ہوتا نظر نہیں آتا،مضبوط اسکواڈ کی تشکیل کیلیے نوجوانوں کو تسلسل کے ساتھ مواقع دینا ہوں گے۔

آئی سی سی کی جانب سے مشکوک ایکشن کی وجہ سے پابندی لگائے جانے سے قبل سعید اجمل پاکستان کے اہم ترین بولر تصور کیے جاتے تھے،آف اسپنر  نے 64 ٹی ٹوئنٹی میں 85 جبکہ 113 ون ڈے میچز میں 184 وکٹیں حاصل کیں،انھوں نے ایکشن کی اصلاح کے بعد کیریئر کی دوسری اننگز بنگلہ دیش کیخلاف سیریز میں شروع کی تھی لیکن ماضی جیسی کارکردگی نہ دکھا پائے، انھیں زمبابوے سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ ایک روزہ میچز کیلیے بھی انتخاب کا امکان کم ہے۔

زمبابوین ٹیم کیخلاف 5 وکٹ سے فتح کے بعد وقار یونس سے بولرز کی جانب سے حریف ٹیم کو بہتر ٹوٹل کا موقع دینے کا سوال ہوا تو وہ بے بسی نہ چھپا پائے، انھوں نے کہا کہ ہمیں سعید اجمل کی کمی شدت سے محسوس ہو رہی ہے، میں نہیں سمجھتا کہ ہم مستقبل قریب میں ان جیسا کوئی اور آف اسپنر تلاش کرپائیں گے، موجودہ صورتحال میں نوجوانوں کو مواقع دینا پڑیں گے۔

ہمارے پاس عماد وسیم سمیت 2،3 باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں،امید ہے کہ وہ کامیاب ثابت ہوں گے،کوچ نے کہا کہ پہلے ٹی ٹوئنٹی سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے سفر کا آغاز ہوا، اس موقع پر کھلاڑی جذبات سے مغلوب تھے، ان سے کہاگیاکہ میدان میں اتر کر صرف پرفارمنس پر توجہ مرکوز کریں، اس اہم موقع پر جیت  خاص اہمیت رکھتی ہے،امید ہے کہ شائقین اتوار کے میچ میں بھی بھی پہلے جیسے جوش اور جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو بھرپور سپورٹ کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔