راجر فیڈرر، سیمونا اور جیور جی نے ابتدائی مرحلہ عبور کرلیا

اسپورٹس ڈیسک  پير 25 مئ 2015
سربیا کی بوجانا جونواسکی نے یوکرینی حریف لیزا ٹی سورنیکو کو 1-6،6-1 اور6-0 سے مات دے دی۔ فوٹو: فائل

سربیا کی بوجانا جونواسکی نے یوکرینی حریف لیزا ٹی سورنیکو کو 1-6،6-1 اور6-0 سے مات دے دی۔ فوٹو: فائل

پیرس: سیزن کا دوسرا گرینڈ سلم فرنچ اوپن اتوار سے شروع ہوگیا، سوئس ماسٹر راجرفیڈرر، جوئے ولفریڈ سونگا اور کائی نیشکوری نے ابتدائی مرحلہ عبور کرلیا، ویمنز سنگلز میں تھرڈ سیڈ سیمونا ہالیپ، کمیلا جیورجی، الینا ویسنینا ، اینا ایوانووک اور ایکٹرینا ماکارووا نے بھی دوسرے راؤنڈ میں قدم رکھ دیے۔

تفصیلات کے مطابق فرنچ اوپن کے ابتدائی دن راجرفیڈرر نے مسلسل 62ویں گرینڈ سلم میں شرکت کرتے ہوئے پہلامرحلہ عبور کرلیا، انھوں نے کولمبیا کے الیجاندرو فالا کو 6-3،6-3 اور6-4 سے ٹھکانے لگادیا، جاپانی اسٹار کائی نیشکوری نے میزبان فرنچ پلیئر پال ہنری میتھیو کو 6-3،7-5 اور6-1 سے قابو کرلیا، تاہم دوسرے ہوم فیورٹ جوئے ولفریڈ سونگا نے ابتدائی معرکہ سر کرتے ہوئے دوسرے مرحلے میں قدم رکھ دیے، انھوں نے سوئیڈش پلیئر کرسٹیان لینڈل کو 6-1،6-2 اور6-2 سے اپنا شکار بنایا، فرسٹ راؤنڈ کے دیگر میچز میں روبرٹو بوٹسٹا نے فلورین میئر کو 6-3،6-1 اور6-3 سے زیر کرلیا، جمہوریہ چیک کے لوکاس روسول نے ایلس یامر کو 6-2،7-6(9/7) اور6-3 سے قابو کرلیا، 8 سیڈ اسٹینسلس واورنیکا نے ترکی کے مارسیل الہان کو 6-3،6-2 اور6-3 سے اپنا شکار بنالیا، جرمنی کے فلپ کوہل شریبر نے جاپانی پلیئر گو سوئیڈا کو 6-1 ، 6-0 اور6-2 سے زیر کرلیا۔

2010 کے کوارٹر فائنلسٹ میخائل یوزنی بوسنیا کے ڈامیر ڈزومر کیخلاف ابتدائی دو سیٹ ہارنے کے بعد کمر کی تکلیف رونما ہونے پر میچ سے دستبردار ہوگئے، ارنسٹ گلبز نے ڈچ حریف اگور سیجلنگ کو 6-4،6-4 اور7-6(7/3) سے ہرادیا۔دوسری جانب ویمنز سنگلز کے ابتدائی میچزمیں تھرڈ سیڈ سیمونا ہالیپ نے پہلے راؤنڈ میں روسی حریف ایوگینی روڈینا کو اسٹریٹ سیٹ میں 7-5 اور6-4 سے ہرادیا،7 سیڈ اینا ایوانووک نے قازقستان کی یارسلووا شیوڈووا کو 4-6،6-2 اور6-0 سے مات دے دی، الینا ویسنینا نے کرسٹین فلپکنز کو 2-6،6-3 اور6-3 سے زیر کیا، 9 سیڈ ایکٹرینا ماکارووا نے امریکی وائلڈ کارڈ پلیئر لوئسا چیراشو کو 6-4 اور6-2 سے اور ٹیلینا پریرا نے فینوا فیرو کو 6-3 اور6-2 سے قابو کیا۔

سربیا کی بوجانا جونواسکی نے یوکرینی حریف لیزا ٹی سورنیکو کو 1-6،6-1 اور6-0 سے مات دے دی، کروشین پلیئر مرجینا لوسیک بارونی نے لورین ڈیوس کاقصہ 6-3،3-6 اور6-3 سے تمام کردیا، اطالوی کھلاڑی کمیلا جیورجی نے ٹیٹجینا میلیک کو 7-5 اور6-3 سے شکست دی، اسپین کی گاربین مگروزا نے پیٹرا مارٹک کو 6-2 اور7-5 سے زیر کرلیا۔جمہوریہ چیک کی لوسیا سفارووا نے اناستاسیا پاولیچنکوواکو 7-6(8/6)، 7-6(11/9) سے زیرکرلیا، جاپانی پلیئر کرومی نارا نے فرانس کی اوشین ڈوڈن پر 3-6،7-5 اور6-1 سے غلبہ حاصل کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔