میکسیکن سیاست داں کو ہم شکل کی تلاش

غ۔ع  منگل 26 مئ 2015
منتخب فرد، ڈپٹی گورنر کی جگہ پر تقاریب میں شریک ہوگا ۔  فوٹو : فائل

منتخب فرد، ڈپٹی گورنر کی جگہ پر تقاریب میں شریک ہوگا ۔ فوٹو : فائل

سربراہان مملکت اور انتہائی اہم شخصیات کے تحفظ کے لیے حفاظتی اقدام کے طور پر ان کے قافلوں میں ان کے ہم شکل بھی شامل ہوتے ہیں۔ بعض سربراہان کے بارے میں یہ بھی سنا جاتا ہے کہ عوامی تقاریب میں ان کے بجائے ہم شکل شرکت کرتے رہے ہیں۔ لیکن میکسیکو کے سیاست دان کو اپنے ہم شکل کی تلاش اس لیے نہیں کہ وہ ملک کا حکمران ہے بلکہ اسے اپنی مصروفیات کا بوجھ کم کرنے کے لیے اپنا جانشین درکار ہے۔ بلا شبہ ریناٹوٹرونکو گومیز کا یہ اقدام انوکھا ہے، کیوں کہ اس سے پہلے کوئی سیاست دان اپنے ہم شکل کا متلاشی نہیں رہا۔

ہم شکل کی تلاش کے لیے رینا ٹو نے فیس بک پر ایک مقابلہ شروع کر رکھا ہے۔ مقابلے کی شرائط کے مطابق متوقع امیدوار کا شکل و صورت اور قد کاٹھ کے لحاظ سے ریناٹو سے حیران کن طور پر مشابہ ہونا ضروری ہے۔ منتخب امیدوار کو 2700 امریکی ڈالر دیے جائیں گے اور وہ ریناٹو کی جگہ پر تقاریب میں شرکت کرنے کا پابند ہوگا، اس طرح شہرت بھی اس کے حصے میں آئے گی۔ اب تک چار افراد نے مقابلے میں شرکت کی خواہش ظاہر کی ہے۔

گومیزمیکسیکو کی مشرقی ریاست ویراکرونرکا ڈپٹی گورنر ہے۔ گومیز منتخب امیدوار کو اپنی طرح اٹھنے بیٹھنے اور بولنے چالنے کی تربیت دے گا، اسے گومیز کے اسسٹنٹ کی حیثیت حاصل ہوگی۔ مگر وہ پارلیمنٹ کے اجلاسوں میں شریک نہیں ہوسکے اور نہ ہی گومیز کے گھر اور اہل خانہ سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہوگا۔ سیاست داں کا کہنا ہے کہ میرا ہم شکل اپنی شناخت نہیں چھپائے گا وہ ہم شکل کے طور پر ہی ہر تقریب میں شریک ہوگا۔

گومیز ماضی میں بھی تقاریب میں خود شرکت کرنے کے بجائے اپنے نمائندے بھیجتا رہا ہے۔ دو سال پہلے اسے یہ خیال آیا کہ کیوں نہ کسی اور کو نمائندہ بناکر بھیجنے کے بجائے اپنا ہم شکل تلاش کیا جائے۔ اس طرح لوگوں کو اس کی عدم شرکت زیادہ محسوس نہیں ہوگی۔

گومیز کے اس اقدام پر مخالف سیاست دان تنقید کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس حرکت سے گومیز کا مقصد سستی شہرت کا حصول اور گورنرشپ کی جانب پیش قدمی کرنا ہے۔ ریناٹو خود پر ہونے والی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہتا ہے کہ ہم شکل کی خدمات حاصل کرنے سے میرا مقصد اپنے حلقے کے لوگوں کی بہتر انداز سے خدمت کرنا ہے۔ اس طرح میں زیادہ تقاریب میں شریک ہوسکوں گا۔ ریناٹو کا کہناہے جب اداکار اور کامیڈین ہم شکل کا سہارا لے سکتے ہیں تو میں کیوں نہیں؟ اس اقدام سے نہ تو میں کسی کو بے وقوف بنارہاہوں اور نہ ہی میری نگاہیں گورنر کی کرسی پر ہیں۔ تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ ہم شکل کی تلاش کا آغاز کرنے کے بعد ملک بھر میں اس کے چرچے ہونے لگے ہیں جب کہ اس سے پہلے اس کی شہرت اپنی ریاست ہی تک محدود تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔