والدہ کے انتقال کے باعث بیلا روس کے صدر کا دورہ پاکستان ملتوی

ویب ڈیسک  منگل 26 مئ 2015
بیلا روسی صدرالیگزنڈرلوکشینکواب 28 مئی کو پاکستان آئیں گے جس میں دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہونگے. فوٹو:فائل

بیلا روسی صدرالیگزنڈرلوکشینکواب 28 مئی کو پاکستان آئیں گے جس میں دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہونگے. فوٹو:فائل

اسلام آباد: بیلا روس کے صدر الیگزنڈر لوکشینکو کا 2 روزہ دورہ پاکستان ان کی والدہ کے انتقال کے باعث ملتوی کردیا گیا ہے۔

دفترخارجہ کے ذرائع کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین کی دعوت پر بیلا روس کے صدر کو آج 2 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان آنا تھا تاہم ان کی والدہ کے انتقال کے باعث دورہ 2 روز کے لئے ملتوی کردیا گیا اور اب وہ 28 مئی کو پاکستان آئیں گے۔ صدر الیگزنڈر لوکشینکو کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونے کے امکانات ہیں۔

بیلا روس کے صدر الیگزنڈر لوکشینکو وزیراعظم نواز شریف سے بھی ملاقات کریں گے جب کہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جب کہ بیلا روس کے صدر کے دورے کے دوران کئی اہم معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط ہونے کے امکانات ہیں جن میں زراعت، ڈیری فارم، الیکٹرانکس اورٹریکٹر پلانٹ سمیت دیگرمعاہدے شامل ہیں۔

بیلا روس کے کسی بھی صدر کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہوگا جب کہ پاکستان اور بیلا روس کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں اور گزشتہ سال ہی اس ملک نے اسلام آباد میں اپنا ریزیڈنٹ مشن قائم کیا تھا۔

واضح رہے کہ سویت یونین سے 1990 میں آزاد ہونے والے ملک بیلا روس میں الیگزنڈر لوکشینکو 1994 سے مسند صدارت پر براجمان ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔