فرانس میں عاشق نے محبوبہ کی فلائٹ رکوانے کیلئے ایئرپورٹ پر کھلبلی مچادی

ویب ڈیسک  منگل 26 مئ 2015
33 سالہ نوجوان نے حکام کو فون پر اطلاع دی کہ ایئرپورٹ پر بم ہے جس کے بعد ایئرپورٹ کو خالی کرالیا گیا۔ فوٹو:فائل

33 سالہ نوجوان نے حکام کو فون پر اطلاع دی کہ ایئرپورٹ پر بم ہے جس کے بعد ایئرپورٹ کو خالی کرالیا گیا۔ فوٹو:فائل

پیرس: کہتے ہیں کہ محبت اندھی ہوتی ہے اور اس میں گرفتار افراد کئی بار اپنی محبت کی خاطر خود کو خطرے میں ڈالنے سے بھی نہیں گھبراتے۔

ایسا ہی ایک عمل فرانس میں دیکھنے میں آیا جب ایک شہری نے پیار کے ہاتھوں مجبور ہوکر  مقامی ائیرپورٹ پر بم کی جھوٹی اطلاع دی تاکہ اس کی محبوبہ کی فلائٹ میں تاخیر ہوجائے اور وہ آرام سے ائیرپورٹ پہنچ کر فلائٹ میں سوار ہوجائے۔ 33 سالہ شہری نے فرانس کے جنوب مغربی شہربوردو میرینیاک کے مقامی ائیرپورٹ پرفون کیا اور حکام کو بتایا کہ ائیرپورٹ پر بم نصب کیا گیا ہے جس کے فوری بعد مقامی پولیس نے چند ہی منٹوں میں ائیرپورٹ کے اس حصے کو خالی کرا کر تلاشی شروع کردی لیکن انہیں وہاں سے کچھ نہ ملا۔

غیر مصدقہ اطلاع دینے اور پولیس کو تنگی کا ناچ نچوانے والے عاشق کی تلاش کے لئے اہلکاروں نے جگہ جگہ چھاپے مارے اوربالاخرعاشق کا نمبر ٹریس کرتے ہوئے سیکیورٹی حکام نے  اسے حراست میں لے لیا۔ پولیس کی جانب سے تفتیش کے دوران شہری نے اعتراف کیا کہ اس نے ہی جھوٹی کال کی تھی تاکہ ٹریفک میں پھنسی اس کی گرل فرینڈ وقت پرایئرپورٹ پہنچ جائے اور یہ اقدام کئے بغیراس کی محبوبہ فلائٹ حاصل نہیں کرسکتی تھی۔

اپنے پیار کے ہاتھوں مجبور اس عاشق کو یہ عمل کافی مہنگا پڑسکتا ہے اور سرکاری وکلا کے مطابق مذکورہ شخص کو اس جرم میں 2 سال قید اور 30 ہزار یورو کا جرمانہ بھی ہوسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔