ایگزیکٹ کے سی ای او شعیب شیخ گرفتار، لاکھوں جعلی ڈگریاں برآمد

ویب ڈیسک  بدھ 27 مئ 2015
شعیب شیخ کو ایف آئی اے کے دفتر منتقل کردیا گیا، فوٹو: محمد نعمان/ایکسپریس

شعیب شیخ کو ایف آئی اے کے دفتر منتقل کردیا گیا، فوٹو: محمد نعمان/ایکسپریس

 کراچی: جعلی ڈگری اسکینڈل میں ملوث ایگزیکٹ کے سی ای او شعیب شیخ کو ایف آئی اے نے حراست میں لے لیا ہے۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے شاہد حیات نے کہا ہے کہا ہے کہ لاکھوں جعلی ڈگریاں برآمد کر لی گئی ہیں اور ایگزیکٹ کے خلاف مقدمہ درج کیا جارہا ہے۔ کراچی میں ایگزیکٹ کے ہیڈکوارٹرز کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آج ہمیں اس مقام کے بارے میں علم ہوا تھا جہاں ڈگریاں، اسٹوڈنٹ کارڈ اور دیگر میٹریل پرنٹ ہوتا تھا۔ ہم نے مجسٹریٹ کو ساتھ لے کر ایگزیکٹ کی ایک عمارت پر چھاپہ مارا، تو لاکھوں کی تعداد میں ڈگریاں، اسٹوڈنٹ کارڈ، ڈی وی ڈیز اور دیگر مواد برآمد ہوا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ہم نے اتنا مواد برآمد کرلیا ہے کہ ہم آسانی سے ان کیخلاف کیس درج کرسکتے ہیں اور ہم ان کیخلاف مقدمہ درج کر رہے ہیں۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/05/q94.jpg

ایف آئی اے ذرائع بتایا کہ جعلی ڈگریوں کی برآمدگیوں کے بعد ایف آئی اے کے اعلیٰ افسران نے فوری طور پر وزارت داخلہ کو پیش رفت سے آگاہ کیا اور ایگزیکٹ کے سی ای او شعیب شیخ اور سی ای ای وقاص عتیق کو گرفتار کرنے اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی اجازت حاصل کی۔ شعیب شیخ کے خلاف الیکٹرونک ٹرانزکشن ایکٹ، پی پی سی468 اور پی پی سی420، 419اور471 کے تحت مقدمہ قائم کیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ مقدمے کا ڈرافٹ تیارکرلیا گیا ہے ، مقدمے میں منی لانڈرنگ اور سائبرکرائم کی دفعات بھی شامل کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شعیب شیخ کو ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل منتقل کردیاگیا ہے جب کہ ایگزیکٹ کے ہیڈ آفس کے ساتھ کمپنی کی ایک عمارت کو سیل کردیا گیا ہے۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/05/q137.jpg

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/05/shahid.jpg

ایف آئی اے کی ٹیم شواہد اکٹھے کرنے کیلیے مجسٹریٹ کے ہمراہ ایگزیکٹ کے دفتر پہنچی تو ایگزیکٹ کے200 سے زائد ملازمین نے احتجاجاً سڑک بلاک کردی۔ ایف آئی اے کی ٹیم کو ملازمین کے احتجاج کی وجہ سے دفتر میں داخل ہونے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا جس پر ایف آئی اے کی ٹیم نے وارننگ دی کہ ملازمیں وہاں سے ہٹ جائیں ورنہ انھیں حراست میں لے لیا جائیگا۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/05/q236.jpg

قبل ازیں جعلی ڈگری اسکینڈل میں ملوث ایگزیکٹ کے سربراہ شعیب شیخ نے گزشتہ روز ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کے دفتر میں دوبارہ پیش ہوئے اور اپنا بیان ریکارڈ کرایا تاہم وہ اپنے اسپانسرز کی تفصیلات بتانے میں ناکام رہے۔ شعیب شیخ نے ایف آئی اے سندھ کے ڈائریکٹر شاہد حیات کی موجودگی میں بیان ریکارڈ کرایا اور ایف آئی اے کو طلب کردہ بعض دستاویزات فراہم کیں جن میں ایگزیکٹ کمپنی اور بول میںلگائے گئے آلات کی فہرست، کمپیوٹرز، ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئرز، بینک اکاؤنٹس، سرٹیفکیٹس اور ملازمین کو دی جانے والی تنخواہیں اور مراعات، ڈگری حاصل کرنیوالے طلبہ کی فہرست اور دیگر تفصیلات شامل ہیں۔ ایف آئی اے نے ایگزیکٹ کمپنی کے اسپانسرزکی تفصیل اور بیرون ملک ایگزیکٹ کی برآمداتی اشیا کی رجسٹریشن کا ریکارڈ، بینک کاؤنٹس اور ٹیکس گوشوارے بھی طلب کیے تھے، تاہم شعیب شیخ اسپانسرزکی تفصیلات جمع کرانے میں ناکام رہے۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/05/q424.jpg

ایف آئی اے نے شعیب شیخ سے ان کی کمپنی کے تحت چلنے والے تعلیمی اداروں کے این او سی اور ایچ ای سی کے ساتھ الحاق کی دستاویزات بھی طلب کرلی ہیں۔ ایف آئی اے کے دفتر میں ایگزیکٹ کے6 ڈائریکٹروں کے بیانات بھی قلمبند کیے گئے، جن میں کمپنی کے آئی ٹی، فنانس اور ایچ آرڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر شامل ہیں، شعیب شیخ اور ان کے ڈائریکٹروں سے الگ الگ پوچھ گچھ کی گئی۔ پھر ان سے کیے جانے والے سوالات کے جوابات کو آپس میں میچ کیا گیا تاکہ سچ اور جھوٹ کی پہچان ہو سکے۔ پوچھ گچھ کے دوران منی لانڈرنگ سے متعلق سوالات بھی کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق جب شعیب شیخ سے جعلی ڈگریوں کے حوالے سے پوچھا گیا تو وہ اس سوال پر خاموش ہو گئے اور کوئی بھی جواب دینے سے گریزکیا۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کو ابھی تک ملکی اورغیرملکی تعلیمی اداروں کی مکمل فہرست نہیں دی گئی، ایف آئی اے نے ایگزیکٹ سے فیس کی مد میں وصول کی جانے والی رقوم کی تفصیلات اور ایگزیکٹ سے برآمد کردہ اشیاکی اسٹیٹ بینک سے تصدیق کی دستاویزات بھی طلب کی ہیں۔ آٹھویں روز بھی ایف آئی اے حکام ایگزیکٹ کے مین سرور سے ڈیٹا حاصل کرتے رہے۔ کمپنی کے ہیڈ آفس سے قبضے میں لی گئی ڈگریاں اور دوسری مشینری فارنسک ڈپارٹمنٹ کے ماہرین کو بھجوا دی گئی ہیں۔ تحویل میں لیے گئے مزید کمپیوٹرز اور ڈیوائسز کو بھی سائبر اور فارنسک ماہرین نے ڈی کوڈ کر لیا ہے۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/05/q519.jpg

علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ایف آئی اے کے فرانزک ماہرین کو ایگزیکٹ اسکینڈل کے متعلق سات روز میں تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنیکا حکم دیا ہے۔ انھوں نے کہا اس حوالے سے تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، حکام 24 گھنٹے کام کریں اور7 روز میں معاملے کی تحقیقات مکمل کریں۔ وزارت داخلہ کی جانب سے امریکی سفارت خانے کو بھجوائے گئے مراسلے میں ایگزیکٹ کے زیراستعمال ویب سائٹس کی ملکیت اور انھیں آپریٹ کرنیوالے آئی پی ایڈریس کی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔ مراسلہ موصول ہونے کے بعد امریکی سفارت خانہ اپنا خصوصی نمائندہ مقرر کریگا جو ایف آئی اے اور ایف بی آئی کے درمیان رابطے کا کردار ادا کریگا تاکہ دونوں اداروں کے درمیان معلومات کا تبادلہ آسان اور جلد ہو سکے۔ ایگزیکٹ کے حوالے سے اب تک کی تحقیقات کے مطابق ایگزیکٹ کیخلاف کراچی اور اسلام آباد کی عدالتوں میں الگ الگ مقدمات درج ہوں گے جب کہ ایگزیکٹ کے مالک شعیب شیخ کو ضرورت پڑنے پر ایف آئی اے حکام طلب بھی کر سکیں گے۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/05/q616.jpg

وزارت داخلہ نے ایگزیکٹ اسکینڈل کی تحقیقات کا دائرہ برطانیہ تک وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ برطانوی حکومت کو خط کے ذریعے ایگزیکٹ کے زیرانتظام ایک یونیورسٹی کی تصدیق کی درخواست کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔