اداکارہ رانی کومداحوں سے بچھڑے 22 برس بیت گئے

ویب ڈیسک  بدھ 27 مئ 2015
اداکارہ رانی نے 3 شادیاں کیں اور تینون ہی ناکام ہوئیں، فوٹو فائل

اداکارہ رانی نے 3 شادیاں کیں اور تینون ہی ناکام ہوئیں، فوٹو فائل

لاہور: پاکستان فلم انڈسٹری پربرسوں راج کرنے والی اداکارہ رانی کی 22 ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔

8 دسمبر 1946 کو لاہور میں پیدا ہونے والی رانی کا اصل نام ناصرہ تھا۔ رانی کے والد معروف گلوکارہ مختاربیگم کے ملازم تھے، جس نے رانی کو فنی تربیت کے لئے مختار بیگم کے حوالے کردیا۔ 1962 میں ہدایت کار انور کمال پاشا نے انہیں رانی کا فلمی نام دے کر اپنی فلم ’’محبوب‘‘ میں کاسٹ کیا۔ یہ فلم تو کامیاب نہیں ہوئی مگر اس کے بعد رانی پر فلمی دنیا کے دروازے کھل گئے۔ 1967 میں ہدایت کار حسن طارق کی فلم ‘دیور بھابی’ کی کامیابی کے بعد رانی کی قسمت کا ستارہ چمک اٹھا۔ 1970 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘انجمن’ نے انہیں پاکستانی فلم انڈسٹری کی صف اول کی اداکارہ بنادیا۔

رانی نے اپنے فلمی کیریئرمیں مجموعی طور168 فلموں میں کام کیا جن میں 103 فلمیں اردو میں اور 65 فلمیں پنجابی زبان میں بنائی گئی تھیں۔ 1980 کی دہائی میں رانی نے پاکستان ٹیلی وژن کی کئی ڈرامہ سیریلز میں بھی کام کیا جن میں ان کی اداکاری کو بہت سراہا گیا۔ اداکاری کے میدان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑھنے والی رانی اپنی نجی زندگی میں زیادہ سکھ نہیں دیکھ پائیں، انہوں نے 3 شادیاں کیں اور تینون ہی ناکام ہوئیں۔ رانی 1993 میں آج ہی کے 46 برس کی عمر میں کینسر سے لڑتے ہوئے خالق حقیقی سے جاملیں لیکن وہ آج بھی اپنے پرستاروں کے دلوں میں زندہ ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔