جوڈیشل کمیشن کا  فارم 15 کے لئے ووٹوں کے تھیلے کھولنے کا حکم

ویب ڈیسک  بدھ 27 مئ 2015
تھیلے کھولنے اور فارم 15 کی فراہمی کا عمل 8 جون تک مکمل کیا جائے گا، جوڈیشل کمیشن کا حکم- فوٹو: فائل

تھیلے کھولنے اور فارم 15 کی فراہمی کا عمل 8 جون تک مکمل کیا جائے گا، جوڈیشل کمیشن کا حکم- فوٹو: فائل

اسلام آ باد: مبینہ انتخابی دھاندلی کے لئے قائم جوڈیشل کمیشن نے تحریک انصاف کے مطالبے پر فارم 15 کے لئے تھیلے کھولنے کا حکم دیا ہے جو 8 جون تک مکمل کیا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق 2013 کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لئے قائم جوڈیشل کمیشن کا ان کیمرہ اجلاس چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں ہوا جس میں کمیشن نے فارم 15 کے لئے تھیلے کھولنے کا حکم دیا جب کہ تھیلے کھولنے اور فارم 15 کی فراہمی کا عمل 8 جون تک مکمل کیا جائے گا۔ کمیشن کے فیصلے کے مطابق فارم 15 کے لئے سفید، خاکی اور نیلے تھلیے کھولے جائیں گے اور اس کےعلاوہ انتخابی مواد کونہیں چھیڑاجائے گا جب کہ فیصلہ  سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے طے پایا۔

کمیشن کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تھیلے ڈسٹرکٹ سیشن جج کی نگرانی میں کھولے جائیں گے اوران  کی معاونت کے لئے الیکشن کمیشن کے ضلعی حکام موجود ہوں گے جب کہ ایک سے زائد ضلع والے حلقے میں سینئر ڈسٹرکٹ جج کی نگرانی میں کام ہوگا،  تاہم فاٹا میں پولیٹیکل ایجنٹ تھیلے کھولنے کے فرائض سرانجام دیں گے۔ جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کے مطابق  کسی تھیلے سے فارم 15 نہ ملے یا سیل ٹوٹی ہو تو فوری طور پر آگاہ کیا جائے جب کہ  تمام حلقوں کے فارم 15 کی مصدقہ نقول الیکشن کمیشن کو بھیجی جائیں گی۔

واضح رہے گزشتہ روز تحریکِ انصاف نے جوڈیشل  کمیشن کے اجلاس میں  قومی اسمبلی کے تمام حلقوں کے ووٹوں کے تھیلے کھولنے کا مطالبہ کیا تھا جس پر جوڈیشل کمیشن کے آج ہونے والے اجلاس مٰیں فیصلہ محفوظ کرلیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔