بالی ووڈ میں مستقبل محفوظ بنانا چاہتی ہوں، کنگنا رنا وت

شوبز ڈیسک  جمعرات 28 مئ 2015
فلساز وشال بھردواج نے کنگنا رناوت کو اپنی نئی فلم رنگون میں کاسٹ کرلیا ہے ۔فوٹو: فائل

فلساز وشال بھردواج نے کنگنا رناوت کو اپنی نئی فلم رنگون میں کاسٹ کرلیا ہے ۔فوٹو: فائل

ممبئی:  کنگنا رناوت کا شمار بالی ووڈ کی سب سے زیادہ باصلاحیت اداکاراؤں میں کیا جارہا ہے اور وہ بھارتی فلم انڈسٹری میں ایک اچھے دور سے گزررہی ہیں ۔

گزشتہ برس ریلیز ہونے والی ان کی فلم ’’کوئین کی کامیابی نے انھیں بالی ووڈ کی ملکہ بنادیا جب کہ چند روز قبل سینما گھروں کی زینت بنائی جانیوالی نئی فلم ’’تنوویڈز منو ریٹرنز‘‘ میں بھی ان کی پرفارمنس کو سراہا جارہا ہے اور یہ فلم بھی سو کروڑ کے کلب میں شامل ہوچکی ہے ۔

گزشتہ روز بھارت کے بڑے اشاعتی ادارے نے ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ سے ان سے شادی کے متعلق پوچھا توکنگنا نے انتہائی پیشہ وارانہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ 28 سال کا ہوجانے کا یہ مطلب نہیں کہ آپ شادی کرلو اور بچے پیدا کرو ۔ شادی ایک انتہائی مشکل کام ہے میں گزشتہ 10 برس سے مسلسل بہت زیادہ محنت کررہی ہوں اس لیے میرے پاس ایسے رشتوں کو نبھانے کے لیے وقت نہیں ہے ۔

میں اس وقت اسے دور سے گزررہی ہوں جس میں اپنی پوزیشن کو مذید بہتر بنا کر اپنا مستقبل مزید روشن رکھ سکتی ہوں اور میں اس موقع کو ضائع نہیں کرنا چاہتی ۔کسی سے محبت کرنے کے سوال پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ کی نہیں جاتی بلکہ ہوجاتی ہے اور میرے ساتھ ابھی تک نہیں ہوا اور نہ ہی ایسا چاہتی ہوں۔ بھارتی اخبار ’’انڈین ایکسپریس‘‘ کے مطابق فلساز وشال بھردواج نے کنگنا رناوت کو اپنی نئی فلم رنگون میں کاسٹ کرلیا ہے ۔

انگریزوں کے خلاف رنگون موجودہ برما میں لڑنے والے بھارتی فوجیوں کے متعلق بنائی جانیوالی فلم میں وہ شاہد کپور اور سیف علی خان کے ساتھ کام کریں گی ۔ بتایا گیا ہے کہ فلم کی شوٹنگ شاہد کپور کی شادی کے فوراً بعد شروع کردی جائے گی اور اسے اگلے برس کے آغاز میں سینما گھروں کی زینت بنایا جائے  گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔