اولمپکس کوالیفائنگ میں مضبوط اسکواڈ تشکیل دینگے،اصلاح الدین

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 28 مئ 2015
حالیہ ٹورز کا مقصد ورلڈ ہاکی لیگ کے لیے بہترین کمبی نیشن کی تشکیل تھی۔ فوٹو: فائل

حالیہ ٹورز کا مقصد ورلڈ ہاکی لیگ کے لیے بہترین کمبی نیشن کی تشکیل تھی۔ فوٹو: فائل

لاہور: چیف ہاکی سلیکٹر اصلاح الدین نے کہا ہے کہ ریو اولمپکس کوالیفائنگ رائونڈ کے لیے مضبوط اسکواڈ تشکیل دیں گے، آسٹریلیا اور جنوبی کوریا کے ٹورز میں سلیکشن کمیٹی کے ارکان متواتر ہیڈ کوچ شہناز شیخ سے رابطے میں رہے، ان سیریز کا مقصد بھی بیلجیئم میں آئندہ ماہ شیڈول ورلڈ ہاکی لیگ سیمی فائنل کے لیے بہترین کمبی نیشن کی تشکیل تھی، امید ہے کہ انٹرنیشنل ٹیموں کے ساتھ کھیل کر پلیئرز کو کافی تجربہ اور اعتماد حاصل ہوا ہوگا جس کا فائدہ اولمپک کوالیفائنگ رائونڈ میں ملے گا۔

ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ انٹرنیشنل مقابلوں میں کم شرکت سے قومی کھیل اور پلیئرز کو بہت نقصان پہنچ رہا ہے، پی ایچ ایف نے آسٹریلیا اور جنوبی کوریا کے دوروں کا انعقاد اولمپک کوالیفائنگ رائونڈ کیلیے بہترین تیاریوں اور مضبوط کمبی نیشن تشکیل دینے کے لیے کیا تھا، امید ہے کہ پلیئرز نے ان ٹورز سے کافی کچھ سیکھا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ اگر کھلاڑی سخت محنت کریں اوراس کے ساتھ پی ایچ ایف اور حکومت سہولیات فراہم کرے تو پاکستان انٹرنیشنل سطح پر اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرسکتا ہے ۔ سابق کپتان اصلاح الدین نے بطور قائد45 میں سے 43 میچز میں فتح حاصل کی تھی، انھوں نے کہاکہ ریو اولمپک کے لیے قومی ٹیم کا کوالیفائی کرنا بہت ضروری ہے، اس کے لیے ہم بہترین دستیاب پلیئرز پر مشتمل مضبوط اسکواڈ تشکیل دیں گے۔

انھوں نے کہا کہ انٹرنیشنل لیگ کھیلنے والے کھلاڑی مکمل فٹ ہیں لیکن اس کے باوجود ان کی ٹیم میں شمولیت کا فیصلہ ٹرائلز کے بعد ہوگا۔ یاد رہے کہ پاکستان ایشین گیمز کے فائنل میں بھارت سے شکست کے بعد ریو اولمپک 2016 کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے کا موقع گنوا چکا ہے، اب اس کے پاس میگا ایونٹ میں شرکت کیلیے 20 جون سے 5 جولائی تک بیلجیئم میں شیڈول ورلڈ ہاکی لیگ سیمی فائنل آخری موقع ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔