طاہرالقادری نے جون میں وطن واپس آنے کا اعلان کردیا

نمائندہ ایکسپریس  جمعرات 28 مئ 2015
 سانحہ ماڈل ٹائون پر جے آئی ٹی مضحکہ خیز اور انصاف کا خون ہے،طاہرالقادری. فوٹو: فائل

سانحہ ماڈل ٹائون پر جے آئی ٹی مضحکہ خیز اور انصاف کا خون ہے،طاہرالقادری. فوٹو: فائل

لاہور: عوامی تحریک کے سربراہ  ڈاکٹر طاہر القادری نے جون میں پاکستان آنے کا اعلان کر دیا ہے۔

وہ پاکستان آنے سے قبل لندن میں دہشت گردی کیخلاف اپنی 25کتابوں میں سے15کی تقریب رونمائی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ بدھ کو ٹورنٹو سے وڈیو لنک پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طاہرالقادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون پر جے آئی ٹی مضحکہ خیز اور انصاف کا خون ہے، نواز شریف ،شہباز شریف ،رانا ثناء اللہ، آئی جی اور توقیر شاہ کے سانحہ ماڈل ٹائون میں براہ راست ملوث ہونے کے حوالے سے رتی برابر بھی شک نہیں۔

انھوں نے کہا کہ سلطنت شریفیہ کا سیاسی وجود پاکستان کے خلاف بہت بڑی سازش ہے ، ان حکمرانوں کی وجہ سے پہلے طالبان آئے اب ان کے ظالمانہ رویوں کے باعث داعش کا راستہ ہموار ہورہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ21 مئی سے شروع ہونے والا احتجاج وسط جون تک 40 شہروں میں جاری رہیگا، پاکستان پہنچ کر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرونگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔