پروجیکٹر کی مدد سے ورچوئل ڈسپلے اور کی بورڈ بنانے والا اسمارٹ فون متعارف

ویب ڈیسک  جمعرات 28 مئ 2015
اسمارٹ فون ٹیکنالوجی کی تیزی سے ترقی نے کمپیوٹر کی اہمیت کر کم کردیا ہے، فوٹو فائل

اسمارٹ فون ٹیکنالوجی کی تیزی سے ترقی نے کمپیوٹر کی اہمیت کر کم کردیا ہے، فوٹو فائل

بیجنگ: دنیا سمٹ کر اب موبائل فون میں سما رہی ہے اور کمپیوٹر کی جگہ تیزی سے موبائل فون لے رہیں اور ان موبائل فونز کو مزید جدت دینے کے لیے اب  چین کی بڑی الیکٹرونک کمپنی نے ایک ایسا موبائل فون متعارف کرایا ہے جس میں پہلے سے لگے لیزر پروجیکٹر کی مدد سے ورچول ڈسپلے اور کی بورڈ بنایا جاسکے گا۔

چین کی کمپنی نے اس اسمارٹ کاسٹ نامی فون اور ایک نئی اسمارٹ گھڑی کو بیجنگ میں ٹیک ورلڈ کانفرنس میں متعارف کرایا جس میں ورچول ڈسپلے اور کی بورڈ کا مظاہرہ کیا گیا اس انٹریکٹیو ڈسپلے کی مدد سے فون کے ڈسپلے کو کسی بھی سطح پر نہ صرف دیکھا جا سکے گا بلکہ اسے استعمال بھی کیا جا سکے گا جب کہ اس کی مدد سے کمپیوٹر کے سائز کا کی بورڈ اور پیانو کیز اور لیزر پروجیکٹر کی مدد سے فون میں موجود تصاویر اور ویڈیوز کو دیواروں پر بھی دیکھا جا سکے گا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ لیزر پروجیکٹر کو دیواروں اور دوسری ہموار سطح پر تیز رنگوں والی تصاویر کو پیش کرنے کے لیے فوکس کرنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ کانفرنس کے دوران ایک ویڈیو کے ذریعے اسمارٹ کاسٹ فون کو ان خصوصیات کے ساتھ کام کرتے دکھایا گیا ہے  جب کہ اس فون کے پیچھے لگا ہوا اسٹینڈ اسے ورچوئل کی بورڈ کے استعمال کے دوران سیدھا رکھتا ہے،اس موقع پر چین کے پیانو نواز فن کار لینگ لینگ نے اس فون کے ورچول کی بورڈ کے ذریعے پیانو پر دھن بجائی۔

گیجٹ ویب سائٹ کے مدیر مائک لو کا کہنا ہے کہ انہی خصوصیات کے ساتھ متعارف کرائے گئے دوسرے موبائل فونز کے مقابلے میں اس فون پر ورچوئل کی بورڈ کو استعمال کرتے ہوئے بہت کم تاخیر ہوتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ دلچسپ ہے لیکن دوسری جانب یہ عجیب بھی ہے۔ پہلی بار استعمال کرنے والوں کے لیے اس کو استعمال کرنا مشکل ہو گا کیونکہ اتنے بڑے کی بورڈ پر صحیح طرح کام کرنا مشکل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔