کے پی ٹی اور چائنہ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے درمیان معاہدہ

بزنس رپورٹر  جمعـء 29 مئ 2015
چیئرمین کے پی ٹی اورگوانگ ڈانگ کے محکمہ ٹرانسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل نے ایم اویوسائن کیا۔  فوٹو : اے پی پی

چیئرمین کے پی ٹی اورگوانگ ڈانگ کے محکمہ ٹرانسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل نے ایم اویوسائن کیا۔ فوٹو : اے پی پی

 کراچی: وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ کامران مائیکل نے کہا ہے کہ چین پاکستان کا وہ دوست ہے ۔

جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے، پاکستان کی خراب معاشی صورتحال کو سہارا دینے کے لیے پاک چین اقتصادی راہداری کے ذریعے چین نے پاکستان کی مددکی، دنیا میں وہی ملک ترقی کرتاہے جس میں غیرملکی سرمایہ کاری ہوتی ہو، پاکستان کی برآمدات کو بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، موجودہ حکومت کی کوششوں کی وجہ سے پاکستان کی انٹر نیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن( آئی ایم او) کی رکنیت دوبارہ بحال ہوگئی ہے جبکہ آئی ایم او کا مستقل ممبر بننے کے لیے رواں سال الیکشن میں حصہ بھی لے رہے ہیں۔

وہ گزشتہ روزکراچی پورٹ ٹرسٹ کے ہیڈ آفس کراچی میں کراچی پورٹ ٹرسٹ اور چائینز ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے مابین ہونے والی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل جہاز رانی اور بندر گاہ عبد المالک غوری، چیئرمین کے پی ٹی وائس ایڈمرل شفقت جاوید اور دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر کامران مائیکل نے کہا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی تاریخ میں پہلی دفعہ ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔

پاکستان چین کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط کے بعد دنوں ممالک کی حکومتیں طے ہونے والے معاہدے کو عملی جامہ پہنانے کی پابند ہوں گی، اس معاہدے کے تحت کراچی پورٹ ٹرسٹ اور چین کی سب سے بڑی بندگاہ کے مابین پورٹ اور شپنگ کے امور پر باہمی تعاون کیا جائے گا، دونوں ممالک کے آفیسرز کی مینجمنٹ اور پیشہ وارنہ صلاحیتیں بڑھانے کیلیے ایک دوسرے کی مدد کی جائے گی تاکہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربے سے فائدہ اٹھاسکیں جبکہ آئی ایم یو کے قوانین کی پاسداری کے لیے بھی چین پاکستان کو پیشہ ورانہ تعلیم اور ٹریننگ دے گا۔

قبل ازیں چین کے 6 رکنی وفد نے گوانگ ڈانگ صوبے کے وائس گورنر لیو ژی جینگ کی قیادت میںکے پی ٹی کا دورہ کیا جس میں کے پی ٹی اورچائنیز ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے مابین اشتراک کا معاہدہ طے پایا۔ کے پی ٹی کی جانب سے چیئرمین کے پی ٹی وائس ایڈمرل شفقت جاوید نے اور ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ گوانگ ڈانگ چین کی جانب سے ان کے ڈائریکٹر جنرل زینگ زائوگینگ نے معاہدے پر دستخط کیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔