پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں زمبابوے کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

ویب ڈیسک  جمعـء 29 مئ 2015

لاہور: پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں زمبابوے کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر 3  میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھلیے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ زمبابوے نےسکندر رضا کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 7  وکٹوں کے نقصان پر 258  رنز بنائے، زمبابوے کی جانب سے وسی سبانڈا اور چمو چھبابا نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کے لئے 83 رنز کی شراکت داری قائم کی لیکن سبانڈا 13 رنز کے انفرادی اسکور پرحفیظ کی گیند پر آوٹ ہوگئے جب کہ مساکڈزا 18 رنز پر یاسر شاہ کا شکار بنے، چھبابا صرف ایک رنز کے فرق سے اپنی پہلی سنچری مکمل نہیں کرسکے اور 99 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض اور یاسر شاہ نے 2،2 جب کہ حفیظ اور شعیب ملک نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے 259 رنز کا ہدف 48ویں اوور میں حاصل کرلیا،کپتان اظہر علی نے کیرئیر کی دوسری سنچری اسکور کی۔ گرین شرٹس کی جانب سے اظہر علی اور سرفراز احمد نے ٹیم کو 46 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم سرفراز احمد 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد حفیظ کریز پر آئے مگر وہ بھی صرف 15 رنز ہی بناسکے جب کہ  اظہر علی اور اسد شفیق کے درمیان تیسری وکٹ کے لئے 85 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم اسد شفیق 39 اور اظہر علی 102 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آوٹ ہوئے جب کہ حارث سہیل 52 اور شعیب ملک 36 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔

واضح رہے کہ پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 41 رنز سے شکست دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔