دلی ایئر پورٹ پر تابکار شعاعوں کے اخراج نے ہلچل مچادی

ویب ڈیسک  جمعـء 29 مئ 2015
تابکاری مرکب استنبول سے فورٹس اسپتال نے درآمد کیا ہے جسے کینسر کے علاج کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، فوٹو:فائل

تابکاری مرکب استنبول سے فورٹس اسپتال نے درآمد کیا ہے جسے کینسر کے علاج کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، فوٹو:فائل

بھارتی دارالحکومت نئی دلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر خارج ہونے والی تابکاری شعاعوں نے پولیس اور فائربریگیڈ سمیت دیگر اداروں کی دوڑیں لگوادیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق صبح کے اوقات اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کھڑے ترکش ایئر لائن کے طیارے کے کارگو سیکشن میں موجود 4 پیکٹس میں سے تابکاری شعاعوں کا اخراج سامنے آیا تو پورے ایئر پورٹ پر کھلبلی مچ گئی اور تمام ادارے تیزی سے حرکت میں آگئے۔ میڈیا کے مطابق واقعے کے وقت 200 سے زائد ورکر کام میں مصروف تھے جن میں سے سے کچھ ورکروں جلنے کی بو اور آنکھوں میں جلن کی شکایت کی جس کے بعد پولیس نے طیارے کے گرد تمام علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی شروع کردی اور اس دوران تابکاری شعاعیں خارج کرنے والے پیکٹ کو برآمد کیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تابکاری مرکب استنبول سے فورٹس اسپتال نے درآمد کیا ہے جسے کینسر کے علاج کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جب کہ بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ  واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔