سیپ بلاٹر مسلسل پانچویں بار فیفا کے صدر منتخب ہوگئے

 جمعـء 29 مئ 2015
79 سالہ بلاٹر نے 1975 میں فیفا میں شمولیت اختیار کی، فوٹو:فائل

79 سالہ بلاٹر نے 1975 میں فیفا میں شمولیت اختیار کی، فوٹو:فائل

ہر طرف کرپشن کی گونج کے باوجود سیپ بلاٹر مسلسل پانچویں بار فیڈریشن آف انٹرنیشنل فٹبال ایسوسی ایشن (فیفا) کے صدر منتخب ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سوئرز لینڈ میں فیفا کی سالانہ کانگریس کے موقع پر فیفا کے صدر کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں سیپ بلاٹر کو 133 جب کہ ان کے مخالف امیدوار اردن کے شہزادے علی بن الحسین کو 73 ووٹ ملے تاہم بلاٹر کو صدر منتخب ہونے کے لیے 2 تہائی ووٹ لینا لازمی تھے جب کہ وہ 7 ووٹ پیچھے رہے اس لیے فوری طور پر دوسرے مرحلے کا اعلان کردیا گیا۔

ووٹنگ کا دوسرا مرحلہ شروع ہونے سے قبل علی بن الحسین نے مقابلے سے دستبرداری کا اعلان کردیا جس پر سیپ بلاٹر کو فاتح قرار دے دیا گیا۔ 79 سالہ بلاٹر نے 1975 میں فیفا میں شمولیت اختیار کی جب کہ وہ 1998  سے فیفا کے صدر منتخب ہوتے آئے ہیں تاہم اس بار فیفا میں کرپشن کے الزامات کی وجہ سے انہیں یورپی ممالک کی جانب سے سخت مخالفت کا سامنا کرنا پڑا اسی لیے وہ پہلے مرحلے میں ووٹوں کی مطلوبہ تعدا حاصل نہ کرسکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی تحقیقاتی ایجنسی  کی جانب سے فیفا میں کرپشن الزامات کے بعد 7 بڑے عہدے داروں کی گرفتاری کے بعد کئی ممالک کی جانب سے بلاٹر پر استعفی دینے اور دوبارہ انتخاب نہ لڑنے کا دباؤ تھا تاہم انہوں نے تمام تر دباؤ کو ایک طرف رکھ کر انتخاب لڑ ا اور پانچویں بار فیفا کے صدر منتخب ہوگئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ فاربس کی جانب سے جاری دنیا کی مؤثر ترین شخصیات میں سیپ بلاٹر 70 ویں پوزیشن پر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔