گوجرانوالہ کے حلقہ پی پی97 سے (ق) لیگ کے امیدوارناصر چیمہ کامیاب

ویب ڈیسک  اتوار 21 جون 2015

گوجرانولا: پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 97  گجرانوالہ کے 33 پولنگ اسٹیشنز پرہونے والی ری پولنگ میں  مسلم لیگ(ق) کے امیدوار  ناصر چیمہ نے  میدان مار لیا۔

غیرحتمی اورغیرسرکاری نتائج کے مطابق  مسلم لیگ(ق) کے امیدوار ناصر چیمہ نے  10ہزار57 ووٹ حاصل کئے انہیں تحریک انصاف کی بھی حمایت حاصل تھی  جب کہ ان کے مد مقابل امیدوار مسلم لیگ (ن) کےاشرف وڑائچ 9ہزار627 ووٹ  لے کردوسرے نمبر پر رہے۔

پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 97 کے 33 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل صبح 9 بجے شروع ہوا جو بغیر کسی تعطل کے شام 5 بجے تک جاری رہا۔ 33 پولنگ اسٹیشنز میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 52 ہزار550 تھی، پولنگ کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی جب کہ حساس قرار دیئے گئے 19 پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز اہلکاروں نے سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولنگ کے دوران الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی دیکھی گئی، متعدد پولنگ اسٹیشنز کے باہر امیدواروں نے کیمپ قائم کئے جب کہ سیاسی کارکنوں کی جانب سے پولنگ اسٹیشنز کے باہر اسلحے کی کھلی نمائش بھی کی گئی ۔ پولیس نے سرکاری کام میں مداخلت پر مسلم لیگ (ن) کے مقامی عہدیدار زاہد عنایت عرف تماں بٹ کو گرفتارکرلیا تاہم بعد ازاں عدالت نے اسے ضمانت پر رہا کردیا۔

واضح رہے کہ عام انتخابات میں پی پی 97 سے مسلم لیگ (ن) کے اشرف وڑائچ 29 ہزار 756 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے، ان کی کامیابی مسلم لیگ (ق) کے ناصر چیمہ نے چیلنج کی تھی جس کے بعد الیکشن ٹریبونل نے 33 پولنگ اسٹیشنز پردوبارہ انتخاب کااعلان کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔