اسٹیبلشمنٹ الطاف حسین کے خلاف غداری کے مقدمے کا مطالبہ کرے گی

کامران یوسف  جمعرات 25 جون 2015
سیکیورٹی فورسز اور خفیہ ایجنسیوں کو کراچی میں جاری آپریشن کے دوران ایم کیو ایم کے خلاف ٹھوس شواہد ملے ہیں، ذرائع کا دعویٰ . فوٹو:فائل

سیکیورٹی فورسز اور خفیہ ایجنسیوں کو کراچی میں جاری آپریشن کے دوران ایم کیو ایم کے خلاف ٹھوس شواہد ملے ہیں، ذرائع کا دعویٰ . فوٹو:فائل

اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ کے بھارت سے فنڈز لینے کی بی بی سی کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ مطالبہ کرے گی کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔

سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کے ذرائع نے کہا کہ بی بی سی کی رپورٹ میں متحدہ اور بھارت کا گٹھ جوڑ سامنے آنے کے بعد یہی وقت ہے کہ حکومت کو الطاف حسین کے خلاف آگے آنا چاہیے۔اس رپورٹ کی روشنی میں ایم کیو ایم اور بھارت کے گٹھ جوڑ پر ایک ’ڈوزیئر‘ بھی تیار کیا جائے گا۔ حکومت سے کہا جائے گا کہ وہ پاکستان میں الطاف حسین اور ان کے ساتھیوں کے ذریعے مداخلت کرنے پر بھارت کیلیے جواب  تیار کرے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا کہ سیکیورٹی فورسز اور خفیہ ایجنسیوں کو کراچی میں جاری آپریشن کے دوران ایم کیو ایم کے خلاف ٹھوس شواہد ملے ہیں اور بی بی سی کی رپورٹ سے پاکستان کے ان خدشات کو تقویت ملی ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ پاکستان میں گڑبڑ کرنے میں ملوث ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔