نیپرا نے کراچی میں بجلی بحران کا ذمہ دار ’’کے الیکٹرک‘‘ کو قرار دیدیا

ویب ڈیسک  پير 29 جون 2015
کراچی الیکٹرک سے متعلق حتمی رپورٹ تیار کی جارہی ہے جس کی روشنی میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی،نیپرا رپورٹ، فوٹو:فائل

کراچی الیکٹرک سے متعلق حتمی رپورٹ تیار کی جارہی ہے جس کی روشنی میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی،نیپرا رپورٹ، فوٹو:فائل

اسلام آباد: نیپرا نے کے الیکٹرک سے متعلق فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی ہے جس میں کراچی میں بجلی بحران کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو قرار دیا گیا ہے۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/06/q424.jpg

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/06/nepra.jpg

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے کراچی میں بجلی بحران پر کے الیکٹرک سے متعلق فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی ہے جس میں کے الیکٹرک کو بجلی بحران کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ کراچی الیکٹرک نے ٹرانسمیشن سسٹم میں بہتری کے لیے پیسہ نہیں لگایا، کے الیکٹرک نے تقسیمی و ترسیلی نظام کی بہتری کے لیے مناسب سرمایہ کاری نہیں کی اور سرمایہ کاری نہ کرنے کے باعث کے الیکٹرک کی سروسز کا معیار متاثر ہوا۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/06/q522.jpg

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/06/transmission.jpg

نیپرا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بحران کے دوران کے الیکٹرک نے پیداواری وسائل استعمال کرتے ہوئے سسٹم میں بجلی شامل کی، پیداوار 2500 سے 2700 میگاواٹ کرنے سے ٹرپنگ اور بریک ڈاؤن ہوئے جس کے باعث نظام بیٹھ گیا، سسٹم میں خرابی اور ٹرپنگ کے باعث کئی علاقوں میں پورا دن بجلی نہیں ملی۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ کراچی الیکٹرک کی جانب سے فیڈرز کے کم اور زیادہ نقصان کے درجے بنائے گئے ہیں جس کے تحت بہت زیادہ نقصان والے فیڈرز پر ساڑھے 7 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا پلان ہے اور ایسے فیڈرز پر دن میں صرف 2 گھنٹے بجلی دی گئی۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/06/q622.jpg

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/06/k-electric.jpg

نیپرا رپورٹ کے مطابق کمیٹی نے کراچی کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جس میں صارفین اور انتظامیہ سے بھی ملاقاتیں کی گئیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کراچی الیکٹرک سے متعلق حتمی رپورٹ تیار کی جارہی ہے جس کی روشنی میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ ہفتے شدید گرمی میں کے الیکٹرک کی جانب سے شہر میں بدترین لوڈشیڈنگ کی گئی جب کہ نظام بیٹھنے کے باعث متعدد علاقے 3 سے 4 روز تک بجلی سے محروم رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔