رمضان پکوان میں پیش ہےمزے دارسموسہ چاٹ

ویب ڈیسک  جمعرات 31 مئ 2018
اس باررمضان میں سموسہ چاٹ بناکر افطار کا مزہ خوب دوبالا کریں:فوٹو فائل

اس باررمضان میں سموسہ چاٹ بناکر افطار کا مزہ خوب دوبالا کریں:فوٹو فائل

اس باررمضان پکوان میں پیش ہےسموسہ چاٹ جو مزیدار ہونے کے ساتھ ساتھ منفرد بھی ہے جو بچوں اوربڑوں سب ہی کو ضرور پسند آئے گی۔

اجزا:

سموسے کے لیے: میدہ (دو پیالی)، اجوائن (ایک چوتھائی چائے کا چمچا)، نمک (آدھا چائے کا چمچا)، گھی (دو کھانے کے چمچے)، پانی (گوندھنے کے لیے)

فلنگ کے لیے:

آلو دوعدد (اْبلے ہوئے)، ہری مرچ (دو عدد) کترلیں، کٹا ہوا ہرا دھنیا (ایک کھانے کا چمچا)، کُٹی ہوئی لال مرچ (آدھا چائے کا چمچا)، چاٹ مصالحہ (آدھا چائے کا چمچا)، نمک (حسب ضرورت)

چاٹ بنانے کے لیے:

ابلے ہوئے چنے (آدھی پیالی)، پھینٹا ہوا دہی (آدھی پیالی)، پسی ہوئی لال مرچ (آدھا چائے کا چمچا)، چاٹ مصالحہ (آدھا چائے کا چمچا)، باریک کتری ہوئی پیاز (دو کھانے کے چمچے)، ہرے دھنیے کی چٹنی (دو کھانے کے چمچے)، املی کی چٹنی (چار کھانے کے چمچے)، سیو (دو سے تین کھانے کے چمچے)

ترکیب: (سموسے کے لیے)

ایک پیالے میں میدہ، نمک، اجوائن اور گھی ڈال کر پانی کے ساتھ گوندھ لیں۔ اس کے بعد ڈھک کر 30 منٹ کے لیے چھوڑ دیں، پھر اس کے پیڑے بنائیں۔ اب ہر پیڑے کو لمبائی میں بیل کر درمیان سے دو ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ اْبلے ہوئے آلو ، کتری ہوئی ہری مرچ، کٹا ہوا ہرا دھنیا، کُٹی ہوئی لال مرچ، چاٹ مصالحہ اور نمک کو آپس میں ملا کر فلنگ تیار کرلیں۔ اس کے بعد ٹکڑوں میں فلنگ بھر کے سموسے کی طرح فولڈ کر لیں۔ اب یہ سموسے گرم تیل میں ہلکی آنچ پر گولڈن فرائی کرلیں۔

چاٹ بنانے کے لیے:

ایک پلیٹ میں دو عدد سموسے ڈالیں۔ ہر سموسے کو آہستہ سے دبائیں کہ یہ ٹوٹ جائیں۔ اس پر اْبلے ہوئے چنے اور تھوڑی سی دہی ڈالیں، پھر اس پر لال مرچ اور چاٹ مصالحہ بھی چھڑک دیں۔ اس کے بعد ہرے دھنیے کی چٹنی اور املی کی چٹنی پھیلا کر ڈالیں۔ آخر میں کتری ہوئی پیاز ڈالیں اورسیو سے گارنش کرکے اپنے افطار کا مزہ دوبالا کریں۔ لیجئے پیش ہیں مزیدار سموسہ جو آپ کے افطار دسترخوان کی رونق میں اضافہ کرے گا۔

نوٹ: اگر آپ بھی ہمیں کھانے کی ترکیب بھیجنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور اپنے مکمل نام اور فون نمبر کے ساتھ [email protected] پر ای میل کریں

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔